اسلام آباد (ویب ڈیسک) پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے چیئرمین محمود خان اچکزئی کو قومی اسمبلی میں قائد حزبِ اختلاف نامزد کر دیا گیا ہے۔ اپوزیشن کی جانب سے اس حوالے سے باضابطہ درخواست قومی اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کرا دی گئی ہے۔
درخواست چیف وہپ عامر ڈوگر، سابق اسپیکر اسد قیصر اور دیگر اپوزیشن رہنماؤں نےسیکرٹری قومی اسمبلی مشتاق کے دفتر میں جمع کرائی، جس میں محمود خان اچکزئی کو اپوزیشن لیڈر مقرر کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔
درخواست پراپوزیشن کے 74 ارکان کے دستخط موجود ہیں، جبکہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے تین ارکان علی افضل ساہی، عمر فاروق اورصاحبزادہ محبوب سلطان بیرونِ ملک ہونے کے باعث دستخط نہیں کر سکے۔
درخواست موصول ہونے کے بعد سپیشل سیکرٹری قومی اسمبلی نے اسے باقاعدہ وصول کیا اور متعلقہ دفتر نے اس پرڈائری نمبر لگا کر رجسٹر کر لیا ہے۔ اب اسپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے باضابطہ منظوری اور نوٹیفکیشن کا انتظار کیا جا رہا ہے۔
محمود خان اچکزئی کی بطور قائد حزب اختلاف نامزدگی کو اپوزیشن کے لیے ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، خاص طور پر ایسے وقت میں جب ایوان میں حکومت اور اپوزیشن کے درمیان کئی اہم معاملات پر محاذ آرائی جاری ہے۔
یاد رہے کہ محمود خان اچکزئی ایک سینئر سیاستدان اور بلوچستان سے تعلق رکھنے والی قوم پرست جماعت کے سربراہ ہیں، جنہیں اپوزیشن کے متحرک اور نظریاتی رہنما کے طور پر جانا جاتا ہے۔
مزید پڑھیں : پاک ، افغا ن جنگ ،وجہ کیا؟ ملیحہ لودھی کا بڑا انکشاف

