لاہور(نیوز ڈیسک) ڈرائیونگ لائسنس بنوانے کی خواہشمند خواتین کی بڑی مشکل آسان ہوگئی ، موبائل پولیس اسٹیشن اینڈ لائسنسنگ یونٹ کے زریعے تمام سہولیات ان کی دہلیز پر فراہم کی جائیں گی۔
تفصیلات کے مطابق راولپنڈی میں موبائل پولیس اسٹیشن اینڈ لائسنسنگ یونٹ کا افتتاح کر دیا گیا،سی پی او سید خالد ہمدانی نے افتتاح کیا۔
اس موقع پر سی ٹی او فرحان اسلم، ایس ٹی او منیر ہاشمی اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب کے ویژن کے تحت صوبے بھر میں 33 موبائل یونٹس فراہم کیے گئے ہیں، ان موبائل یونٹس میں ایف آئی آر کے اندراج، لرنر لائسنس، موٹر سائیکل و موٹر کار لائسنس، ڈرائیونگ لائسنس کی تجدید، ڈوپلیکیٹ اور بین الاقوامی لائسنس کی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
سی پی او سید خالد ہمدانی نے کہا کہ موبائل لائسنسنگ کا مقصد خواتین کو بااختیار بنانا ہے، وزیر اعلیٰ کے انیشیٹیو کے مطابق یہ سہولیات خواتین کو ان کی دہلیز پر فراہم کی جائیں گی۔
خواتین کے لیے موبائل پولیس اسٹیشن اور لائسنسنگ یونٹ کی سہولت تعلیمی اداروں اور دفاتر میں بھی مہیا کی جائے گی۔
سی پی او کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق خواتین کو سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے، جس کے لیے تمام اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔
مزید پڑھیں :ٹین ایجر ذیابیطس کا شکار کیوں ہو رہے ہیں؟

