Search
Close this search box.
پیر ,15 جون ,2026ء

باباگورونانک دیوجی کے556ویں جنم دن کی تقریبات،تعلیمی ادارے 3روز کیلئے بند

ننکانہ (نیوز ڈیسک) بابا گورونانک دیو جی کے 556ویں جنم دن کی تقریبات کے سلسلے میں ننکانہ صاحب میں تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ ضلعی انتظامیہ نے سکھ مذہب کے بانی کے یومِ پیدائش کے موقع پر شہر بھر میں خصوصی انتظامات کیے ہیں۔

ترجمان ضلعی انتظامیہ کے مطابق، 4 سے 6 نومبر تک ننکانہ سٹی کے تمام سرکاری و نجی تعلیمی ادارے بند رہیں گے۔ مجموعی طور پر 24 سرکاری  سکولز اور درجنوں نجی اداروں میں تین روزہ تعطیلات کا اعلان کیا گیا ہے۔

اسی طرح بابا گورونانک یونیورسٹی میں بھی 3 سے 6 نومبر تک تمام تعلیمی سرگرمیاں معطل رہیں گی۔ انتظامیہ کے مطابق، تقریبات کے دوران شہر کے کالجز بھی بند رہیں گے تاکہ سیکیورٹی اور ٹریفک انتظامات کو مؤثر بنایا جا سکے۔

چیف ایگزیکٹو ایجوکیشن شازیہ بانو اور یونیورسٹی انتظامیہ نے تعلیمی ادارے بند رکھنے کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔

واضح رہے کہ بابا گورونانک دیو جی کے جنم دن کی تقریبات میں شرکت کے لیے بھارت سمیت دنیا بھر سے ہزاروں سکھ یاتری ننکانہ صاحب پہنچیں گے۔ دو روز قبل پاکستان ہائی کمیشن نئی دہلی نے بھارت سے تعلق رکھنے والے 2100 سکھ یاتریوں کو ان مقدس تقریبات میں شرکت کے لیے ویزے جاری کیے تھے۔

ضلعی حکومت کا کہنا ہے کہ شہر میں سیکیورٹی، صفائی، رہائش اور ٹریفک کے انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں تاکہ آنے والے یاتریوں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ ہو۔
مزیدپڑھیں:انوکھا لاڈلا۔۔پنجاب کے وزیراعلیٰ نے جوتوں کی حفاظت پر پولیس اہلکارتعینات کر دیئے

یہ بھی پڑھیں