اسلام آباد(ویب ڈیسک)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی سینیٹر مشعال یوسف زئی نے کہا ہے کہ 27ویں آئینی ترمیم کی صورت میں آئین کا جنازہ پڑھا دیا گیا ہے۔
وی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ سیف اللہ ابڑو نے 27ویں آئینی ترمیم کے حق میں ووٹ دے کر عمران خان سے غداری کی۔
انہوں نے کہاکہ پیپلز پارٹی جو خود کو آئین کا مؤجد اور محافظ سمجھتی تھی وہ خود آئین کا جنازہ پڑھانے اور تدفین میں پیش پیش ہیں۔
واضح رہے کہ ایوان بالا (سینیٹ) نے 27ویں آئینی ترمیم کی دو تہائی اکثریت سے منظوری دے دی ہے، آئینی ترمیم کے حق میں 64 ووٹ ڈالے گئے۔
اس دوران پی ٹی آئی سے تعلق رکھنے والے سینیٹر سیف اللہ ابڑو اور جے یو آئی سے تعلق رکھنے والے احمد خان نے بھی آئینی ترمیم کے حق میں ووٹ دیا۔
پاکستان تحریک انصاف اور جمعیت علما اسلام نے آئینی ترمیم کے لیے ووٹنگ کا حصہ نہ بننے کا اعلان کر رکھا تھا، تاہم یہ دونوں ارکان ایوان میں آئے اور ووٹ دینے کے بعد چلے گئے۔
جمعیت علما اسلام کے سینیئر رہنما عبدالغفور حیدری نے پارٹی پالیسی کی خلاف ورزی پر سینیٹر احمد خان کے خلاف کارروائی کا اعلان کردیا ہے۔
مزید پڑھیں: پیپلز پارٹی کی خواہش تھی کہ صدر کو استثنیٰ ملنا چاہیے پھر وہ استثنیٰ دیا گیا ، اسحاق ڈار



