کراچی (نیوز ڈیسک) گڈزٹرانسپورٹرز ایسوسی ایشنز نے کل سے ملک بھر میں مکمل ہڑتال کا اعلان کردیا اور کہا ہڑتال مطالبات کی منظوری تک جاری رہے گی۔
تفصیلات کے مطابق لوکل گڈز ٹرانسپورٹرز ایسوسی ایشنز نے ملک بھر میں مکمل ہڑتال کا اعلان کر دیا ہے، جو کل سے نافذ العمل ہوگی۔
ایسوسی ایشن نے کہا کہ بندش کے دوران تمام بندرگاہوں پر ٹرانسپورٹ آپریشنز، لوڈنگ اور ان لوڈنگ مکمل طور پر بند ہوں گے۔
صدر ٹرانسپورٹرز گڈز ایسوسی ایشن ملک شہزاد کا کہنا تھا کہ ہڑتال مطالبات کی منظوری تک جاری رہے گی اور مطالبات سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔
ملک شہزاد نے کہا کہ حکومت ہوش کے ناخن لے، ٹرانسپورٹر سراپا احتجاج ہیں، حکومت کیا چاہتی ہے ہم اپنا کاروبارمکمل بند کردیں؟
انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ٹرانسپورٹرز کے مسائل حل کرنے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔
راولپنڈی اور اسلام آباد میں بھی ہڑتال کے باعث اشیائے خوردونوش کی ترسیل متاثر ہے اور کئی ٹرک اور کنٹینرز کھڑے کر دیے گئے ہیں۔
صدر گڈز ٹرانسپورٹ نے کہا کہ اشیائے ضروریہ کی بروقت ترسیل متاثر ہونے کی ذمہ داری حکومت پر ہے۔
لوکل گڈز ٹرانسپورٹرز ایسوسی ایشن کے صدر طارق گجر نے بتایا کہ اجلاس میں مکمل اتفاق رائے کے بعد ہڑتال کرنے کا فیصلہ کیا گیا اور کل سے پورے ملک میں لوڈنگ، ان لوڈنگ اور دیگر ٹرانسپورٹ آپریشنز بند ہوں گے۔
صدر پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس شکیل قریشی نے کہا کہ وزیر ٹرانسپورٹ نے مذاکرات کے دوران مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی، تاہم پنجاب حکومت نے ٹویٹ کے ذریعے مذاکرات میں پیشرفت سے انکار کر دیا۔
انہوں نے واضح کیا کہ مطالبات کی منظوری تک احتجاج جاری رہے گا اور ٹرانسپورٹرز اپنا حق حاصل کرنے تک ہڑتال سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔
مزیدپڑھیں:نظام میں بڑی تبدیلی ! گاڑی مالکان کے لیے اہم خبر آگئی


