چنیوٹ (نیوز ڈیسک) وزیر اعظم کے مشیر سیاسی امور رانا ثناء اللہ نے بانی پی ٹی آئی کو دوسری جیل منتقل کرنے کی خبروں پر ردعمل دیا ہے۔
رانا ثناء اللہ نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو کسی دوسری جیل منتقل نہیں کیا جا رہا؛ اگر صرف ملاقات کی جائے تو ہمیں کوئی شکایت نہیں لیکن یہ چاہتے ہیں کہ فساد اور افراتفری ہو، جس کی جیل قوانین اجازت نہیں دیتے۔ اگر یہ سلسلہ جاری رہا تو اس سے متعلق سوچا جائے گا۔
رانا ثناء اللہ نے توشہ خانہ ٹو کیس کے فیصلے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی دوسروں کو چور ڈاکو کہتے رہے اور اب خود چور نکل آئے۔ بانی پی ٹی آئی کو دوسرے ممالک سے ملنے والے تحفے وہیں برآمد ہوئے، کیونکہ تحفے میں ملی گھڑیاں دوسرے ممالک میں بیچ دی گئی تھیں۔
انہوں نے کہا کہ سال 2018 میں آر ٹی ایس بٹھا کر ایک نیا پراجیکٹ لایا گیا، سال 2017 تک ڈالر، پیٹرول اور دیگر قیمتیں معمول پر تھیں لیکن پی ٹی آئی کی پالیسیوں کی وجہ سے آئی ایم ایف پروگرام میں جانا پڑا۔ آئی ایم ایف کی شرائط کی وجہ سے فی الحال سبسڈی نہیں دے سکتے، تاہم پروگرام ختم ہونے کے بعد وزیراعظم عوام کو ریلیف دیں گے۔ رانا ثناء اللہ کا مزید کہنا تھا کہ موقع ملا تو فلسطینی بھائیوں کی خدمت کے جذبے کے لیے وہاں ضرور جائیں گے۔
مزیدپڑھیں:ایزی پیسہ صارفین کو خوشخبری:زبردست سہولت متعارف کروا دی گئی



