لاہور (نیوز ڈیسک)پنجاب کی وزیرِ اطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ صوبے میں کم آمدنی اور بے گھر افراد کے لیے گھروں کی تعمیر کا عمل تیزی سے جاری ہے، اس وقت 70 ہزار 226 گھر زیرِ تعمیر ہیں جبکہ 50 ہزار سے زائد گھر مکمل ہو چکے ہیں جہاں لوگ آباد ہو چکے ہیں۔عظمیٰ بخاری کے مطابق حکومت کا ہدف ہر سال ایک لاکھ گھر تعمیر کرنا ہے تاکہ پانچ سال میں پنجاب بھر میں پانچ لاکھ گھر بے گھر خاندانوں کو فراہم کیے جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ گھر بغیر سود، 9 سالہ آسان اقساط پر دیے جا رہے ہیں جن کی ماہانہ قسط تقریباً 14 ہزار روپے بنتی ہے، جبکہ آج کے دور میں اتنی رقم میں ایک کمرہ بھی کرائے پر لینا مشکل ہے۔انہوں نے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کا ایک اور اہم منصوبہ “اپنی شرط، اپنا گھر” ہے، جس کا اقوامِ متحدہ کے ادارے یو این ہیبی ٹیٹ کی جانب سے جائزہ لیا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ امید ہے اس منصوبے پر وزیراعلیٰ پنجاب کو عالمی سطح پر پذیرائی ملے گی۔وزیر اطلاعات کے مطابق اب تک 155 ارب روپے “اپنی چھت، اپنا گھر” پروگرام کے تحت تقسیم کیے جا چکے ہیں جبکہ 10 لاکھ سے زائد شہریوں نے اس اسکیم کے لیے درخواستیں جمع کروائی ہیں، جو اس منصوبے کی عوامی مقبولیت کا ثبوت ہے۔ اس پروگرام سے 444 بیوہ خواتین، 122 معذور افراد اور 456 اقلیتی خاندان بھی مستفید ہو چکے ہیں۔عظمیٰ بخاری نے بتایا کہ موصول ہونے والی درخواستوں میں سے 62.7 فیصد دیہی علاقوں جبکہ 37.3 فیصد شہری علاقوں سے تعلق رکھتی ہیں، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ترقی کا عمل صرف بڑے شہروں تک محدود نہیں۔انہوں نے کہا کہ ایک نئی ویب سائٹ بھی متعارف کرا دی گئی ہے جہاں گھروں کی ریئل ٹائم جیو ٹیگنگ معلومات دستیاب ہوں گی، جن سے میڈیا بھی فائدہ اٹھا سکے گا۔ٹرانسپورٹ کے شعبے سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے وژن کے تحت صوبے بھر میں 1500 الیکٹرک بسیں چلائی جا رہی ہیں۔ پہلے مرحلے میں چین سے 200 بسیں موصول ہو چکی ہیں جو 9 اضلاع میں چل رہی ہیں، جبکہ دوسرے مرحلے میں دیگر اضلاع کو شامل کیا جا رہا ہے۔انہوں نے بتایا کہ ساہیوال، میانوالی، مظفرگڑھ، ڈیرہ غازی خان، پاکپتن، بہاولنگر اور جھنگ جیسے اضلاع میں بھی الیکٹرک بس سروس شروع ہو چکی ہے، جہاں ماضی میں صرف لاہور میں ایسے منصوبے دیکھے جاتے تھے۔عظمیٰ بخاری کے مطابق فیصل آباد اور گوجرانوالہ میں میٹرو اور ماس ٹرانزٹ منصوبوں پر کام جاری ہے۔ فیصل آباد میں اورنج لائن اور 23.4 کلومیٹر طویل ریڈ لائن منصوبہ شروع کیا جا رہا ہے، جس سے ایک لاکھ 85 ہزار سے زائد مسافر مستفید ہوں گے۔ گوجرانوالہ میں راہوالی تا ایمن آباد 22 کلومیٹر طویل میٹرو منصوبہ شروع کیا جا رہا ہے، جس میں 28 اسٹیشنز ہوں گے اور فیڈر بس سروس کے ذریعے پورے شہر کو منسلک کیا جائے گا۔زرعی شعبے سے متعلق بات کرتے ہوئے وزیر اطلاعات نے کہا کہ تمام تر سیاسی مخالفت کے باوجود پنجاب نے گندم کی کاشت کا ہدف حاصل ہی نہیں بلکہ اس سے تجاوز کیا ہے، جبکہ دیگر صوبے اپنے اہداف حاصل کرنے میں ناکام رہے۔
مزیدپڑھیں:پہلی مس یونیورس انتقال کرگئیں

