Search
Close this search box.
جمعه ,26 جون ,2026ء

سابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا ہسپتال میں زیر علاج

اسلام آباد (اوصاف نیوز) وفاقی مشیر داخلہ اور سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک کی زخمی حالت میں پہلی تصویر جاری کر دی گئی، جو پختون ڈیجیٹل کو موصول ہو گئی ہے۔ تصویر سامنے آنے کے بعد ان کی صحت کے حوالے سے بھی تفصیلات سامنے آئی ہیں۔

ذرائع کے مطابق پرویز خٹک گزشتہ ہفتے اسلام آباد میں پیش آنے والے ٹریفک حادثے میں زخمی ہوئے تھے، جس کے بعد انہیں ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد فوری طور پر اسلام آباد کے پی اے ایف اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں وہ تاحال زیر علاج ہیں۔

طبی ذرائع کا کہنا ہے کہ حادثے کے نتیجے میں پرویز خٹک کے دونوں ہاتھ فریکچر ہوگئے ہیں۔ جو تصویر سامنے آئی ہے اس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ وہ ہسپتال کے بستر پر زیر علاج ہیں اور طبی عملہ ان کی دیکھ بھال میں مصروف ہے۔

ڈاکٹرز کے مطابق پرویز خٹک کی حالت خطرے سے باہر ہے تاہم مکمل صحت یابی کے لیے انہیں مزید آرام اور مسلسل علاج کی ضرورت ہے۔ طبی ماہرین نے انہیں چند ہفتے مکمل آرام کا مشورہ دیا ہے۔

قریبی ذرائع کے مطابق پرویز خٹک کی صحت میں بتدریج بہتری آرہی ہے اور وہ ڈاکٹروں کی ہدایات پر عمل کررہے ہیں۔ ان کے اہل خانہ اور قریبی سیاسی ساتھی بھی ان کی خیریت دریافت کرنے کے لیے اسپتال میں ان کی عیادت کر رہے ہیں۔

واضح رہے کہ پرویز خٹک ملکی سیاست کی اہم شخصیت ہیں اور ان کی صحت سے متعلق خبریں سامنے آنے کے بعد عوامی اور سیاسی حلقوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی تھی، جس کی اب تصدیق ہوئی ہے کہ ان کی حالت مستحکم ہے۔
مزید پڑھیں‌:کراچی کنگز کا حسن علی، خوشدل شاہ، عباس آفریدی اور سعد بیگ سے متعلق اہم فیصلہ

یہ بھی پڑھیں