اسلام آباد(ویب ڈیسک) رواں برس حج پر جانے کے خواہشمند عازمین کے لیے اہم اطلاع سامنے آ گئی ہے۔ وفاقی وزارتِ مذہبی امور کے ترجمان کے مطابق حج ویزہ کے حصول کے لیے سعودی ویزہ بائیو میٹرک کروانے کے صرف دو دن باقی ہیں، جبکہ بائیو میٹرک کی آخری تاریخ 8 فروری مقرر ہے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ عازمین حج گھر بیٹھے سعودی ویزہ بائیو ایپ کے ذریعے بائیو میٹرک مکمل کریں۔ عازمین کی سہولت کے لیے ملک بھر میں قائم سعودی تاشیر سینٹرز آج اور کل صبح 9 بجے سے شام 5 بجے تک کھلے رہیں گے۔
واضح کیا گیا ہے کہ بائیو میٹرک کے بغیر حج ویزہ جاری نہیں ہوگا، اس لیے عازمین کسی بھی پریشانی سے بچنے کے لیے فوری طور پر بائیو میٹرک مکمل کریں اور تصدیقی ای میل محفوظ رکھیں۔
ترجمان کے مطابق سعودی ویزہ بائیو ایپ موبائل پلے اسٹور سے ڈاؤن لوڈ کی جا سکتی ہے، جس پر ای میل کے ذریعے رجسٹریشن، پاسپورٹ اسکین، سیلفی اور فنگر پرنٹس کی تصدیق کے بعد کنفرمیشن ای میل موصول ہوتی ہے۔
ایپ کے استعمال میں دشواری کی صورت میں عازمین اپنے متعلقہ بینک یا ملک بھر میں قائم 6 سعودی تاشیر سینٹرز سے بائیو میٹرک کی سہولت حاصل کر سکتے ہیں۔
مزیدپڑھیں:اے آر رحمان پر تنقید: پرکاش راج نے کنگنا رناوت کو آڑے ہاتھوں لے لیا




