Search
Close this search box.
بدھ ,24 جون ,2026ء

خیبرپختونخوا کے جنوبی اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی، انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایت

پشاور(نیوز ڈیسک) صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے خیبرپختونخوا کے جنوبی اضلاع میں کل رات سے منگل تک گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کر دی ہے۔

اعلامیے کے مطابق کرم، بنوں، شمالی و جنوبی وزیرستان، لکی مروت، ٹانک اور ڈیرہ اسماعیل خان میں 16 اور 17 فروری کو ہلکی سے معتدل بارش متوقع ہے، جبکہ ڈیرہ اسماعیل خان میں موسلا دھار بارش اور ژالہ باری کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

پی ڈی ایم اے نے ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کو کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔ حساس اور کمزور علاقوں میں اضافی عملہ اور مشینری تعینات کرنے کا حکم دیا گیا ہے تاکہ بروقت کارروائی ممکن بنائی جا سکے۔

اعلامیے میں شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ کمزور اور زیر تعمیر عمارتوں، سائن بورڈز، بجلی کے کھمبوں اور سولر پینلز کے قریب جانے سے گریز کریں۔ طوفانی ہواؤں اور گرج چمک کے دوران کھلے مقامات پر نہ جائیں اور غیر ضروری سفر سے پرہیز کریں۔

اتھارٹی نے ہدایت کی ہے کہ مین شاہراہوں اور رابطہ سڑکوں کو ہر صورت ٹریفک کے لیے کھلا رکھا جائے اور شہریوں کو پانی اور روزمرہ اشیائے ضروریہ کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جائے۔

دریاؤں، ندی نالوں اور برساتی نالوں میں طغیانی کے خدشے کے پیش نظر حفاظتی اقدامات کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ لینڈ سلائیڈنگ اور شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ کے ممکنہ خطرے کے باعث میونسپل اداروں کو نکاسی آب کا نظام صاف رکھنے کا حکم دیا گیا ہے۔

ریسکیو 1122 اور دیگر امدادی اداروں کو ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل تیاری رکھنے کی ہدایت بھی جاری کر دی گئی ہے۔
مزیدپڑھیں:آپ کے نام پر کتنی سمز رجسٹرڈ ہیں؟ چیک کرنے کا طریقہ

یہ بھی پڑھیں