Search
Close this search box.
جمعرات ,04 جون ,2026ء

اسلام آباد میں ایم ٹیگ رجسٹریشن تیز، نئی چپ جلد متعارف کرائی جائے گی

اسلام آباد(نیوز ڈیسک)اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ سیکیورٹی اور ٹریفک مینجمنٹ کو بہتر بنانے کے لیے مستقبل میں ایک نئی چپ بھی متعارف کرانے کا ارادہ رکھتی ہے۔

ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نواز میمن کا کہنا ہے کہ اسلام آباد میں ایم ٹیگ سسٹم کے لیے جلد نئی چپ متعارف کرائی جائے گی، جو موٹر سائیکل سواروں کو مفت فراہم کی جائے گی۔

ڈپٹی کمشنر کے مطابق شہر میں میں سیکیورٹی اور ٹریفک مینجمنٹ کو بہتر بنانے کے لیے ایم ٹیگ رجسٹریشن مہم پر تیزی سے کام جاری ہے۔

اور اس ضمن میں وفاقی دارالحکومت کے 14 پوائنٹس پر اس سلسلے میں سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔
پارلیمنٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ رمضان کے دوران شہریوں کو ایم ٹیگ رجسٹریشن کے باعث کچھ مشکلات کا سامنا ہو رہا ہے.

’تاہم سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر یہ اقدام ناگزیر ہے اور اس کے مثبت نتائج سامنے آئیں گے۔‘

ڈی سی اسلام آباد کے مطابق مہم کے آغاز میں پہلے روز ایک ہزار ٹوکن جاری کیے گئے تھے، جبکہ اب روزانہ تقریباً 7 ہزار ٹوکن جاری کیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ موٹر سائیکلوں کے لیے بھی ایم ٹیگ کا عمل جاری ہے اور عید کے دنوں میں بھی یہ سلسلہ بند نہیں کیا جائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ ملپور ٹول پلازہ، ایف 9 پارک اور سیکٹر 26 کے مراکز سمیت بعض مقامات پر 24 گھنٹے یہ سروس فراہم کی جا رہی ہے۔

انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ رش سے بچنے کے لیے رات کے اوقات میں ایم ٹیگ سینٹرز کا رخ کریں کیونکہ اس وقت ہجوم نسبتاً کم ہوتا ہے۔

عرفان نواز میمن کے مطابق اب تک تقریباً 70 ہزار موٹر سائیکلیں اور مجموعی طور پر تقریباً 7 لاکھ گاڑیاں ایم ٹیگ کے ذریعے رجسٹرڈ ہو چکی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگر کسی شہری کا ایم ٹیگ چوری ہو جائے تو وہ فوری طور پر فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن کو اطلاع دیں۔
مزیدپڑھیں:ایل پی جی کی قیمتوں میں اضافے سےمتعلق اہم حکومتی فیصلہ

یہ بھی پڑھیں