اسلام آباد (نیوز ڈیسک) حکومت کی جانب سے جاری کفایت شعاری مہم کے دوران پارلیمنٹ لاجز کی تزئین و آرائش پر کروڑوں روپے خرچ کرنے کے منصوبے نے نئے سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔
ذرائع کے مطابق کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے پارلیمنٹ لاجز کی مرمت اور تزئین و آرائش کے لیے کروڑوں روپے کا ٹینڈر جاری کر دیا ہے۔ منصوبے کے تحت 36 پارلیمنٹیرینز کے سوئٹس کی مرمت اور دیکھ بھال کی جائے گی جس پر بھاری اخراجات متوقع ہیں۔
حکام کے مطابق اہم ارکانِ قومی اسمبلی کے سوئٹس کی مرمت کے لیے بولیاں طلب کر لی گئی ہیں اور ٹینڈر جمع کرانے کی آخری تاریخ 14 اپریل مقرر کی گئی ہے۔
دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت کی کفایت شعاری پالیسی کے تحت سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں کٹوتیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ اطلاعات کے مطابق اکاؤنٹنٹ جنرل پاکستان ریونیو (اے جی پی آر) نے عید کے موقع پر بعض سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں تقریباً 30 فیصد تک کٹوتی کر دی ہے۔
ذرائع کے مطابق وزارتِ خزانہ پاکستان نے اے جی پی آر کو تنخواہوں کے علاوہ دیگر تمام سرکاری بلوں کی ادائیگی تاحکم ثانی روکنے کی ہدایت بھی جاری کی ہے۔ اس کے نتیجے میں سرکاری ملازمین اور مختلف وینڈرز کے چیک کی کلیئرنس بھی روک دی گئی ہے۔
مزیدپڑھیں:آسان شینگن ویزا ممالک: یورپ کے دس ممالک جہاں ویزا منظوری کی شرح سب سے زیادہ




