اسلام آباد(ویب ڈیسک)شوال کا چاند دیکھنے کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس کچھ دیر بعد اسلام آباد میں ہوگا۔ مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس مولانا عبدالخبیر آزاد کی سربراہی میں ہوگا،مرکزی رویت ہلال کمیٹی چاند نظر آنےیا نہ آنےکا حتمی اعلان کرے گی۔ سپارکو کا کہنا ہے کہ آج شوال کا چاندنظرآنے کے امکانات انتہائی کم ہیں،عیدالفطرہفتہ 21مارچ کوہوگی۔ دوسری جانب کراچی میں بھی زونل کمیٹی کا اجلاس کچھ دیر بعد شروع ہو گا،کراچی زونل ہلال کمیٹی کا اجلاس مولانا محمد سلفی کی سربراہی میں ہو گا ۔ آج غروب آفتاب کے وقت چاند کی عمر تقریباً 12 گھنٹے 41 منٹ ہوگی، جب کہ پاکستان کے ساحلی علاقوں میں غروب آفتاب اور غروب مہتاب کے درمیان تقریباً 28 منٹ کا وقفہ متوقع ہے۔ سائنسی بنیادوں پر رویت کے لیے چاند کی کم از کم عمر 19 گھنٹے ہونی چاہیے،جب کہ چاند نظر آنے کا دورانیہ 40 سے 45 منٹ ہونا چاہیے۔ اس تناظر میں پاکستان میں آج عید کا چاند نظر آنے کا امکان نہیں ہے۔ ماہِ شوال 1447 ہجری کے چاند کی رویت کے لیے صوبائی رویت ہلال کمیٹی کا اہم اجلاس بھی کچھ دیر بعد ہوگا،محکمہ اوقاف و مذہبی امور پنجاب کے زیر اہتمام ہونے والا یہ اجلاس غروبِ آفتاب سے تقریباً نصف گھنٹہ قبل شروع ہوگا،اجلاس کی صدارت ڈی جی اوقاف شاہد حسن کلیانی کریں گے،اجلاس میں زونل رویت ہلال کمیٹی کے اراکین کے ساتھ مختلف مکاتبِ فکر کے جید علماء و مشائخ بھی شرکت کریں گے،اجلاس میں چاند کی رویت سے متعلق شہادتوں کا جائزہ لیا جائے گا۔ ماہرین کے مطابق لاہور سمیت ملک کے بیشتر علاقوں میں شوال کا چاند نظر آنے کے امکانات انتہائی کم ہیں،مطلع ابر آلود ہونے کے باعث چاند دیکھنے میں مشکلات پیش آ سکتی ہیں۔ ماہرین کا بتانا ہے کہ نیا چاند آج صبح 6 بج کر 23 منٹ پر پیدا ہو چکا ہے،غروبِ آفتاب کے وقت اس کی عمر 13 گھنٹوں سے بھی کم ہوگی،لاہور میں یکم شوال کا چاند کی عمر کا دورانیہ 29 منٹ ہے جبکہ چاند نظر آنے کا وقت 6 بجے کر پندرا منٹ سے چھ بج کر 44 منٹ ہے۔ ماہرین کا مزید کہنا ہے کہ پنجاب بھر میں چاند 6 بجکر 57 منٹ تک نظر آسکتا ہے۔




