اسلام آباد (نیوز ڈیسک) عیدالفطر 2026 کے حوالے سے اہم پیشگوئی سامنے آگئی ہے، جس کے مطابق آج شوال کا چاند نظر آنے کے امکانات نہ ہونے کے برابر ہیں اور رمضان المبارک 30 روزوں پر مشتمل ہوگا۔
ذرائع کے مطابق سپارکو نے بتایا ہے کہ شوال المکرم کا چاند آج صبح 6 بج کر 23 منٹ پر پیدا ہوا، تاہم غروبِ آفتاب کے وقت چاند کی عمر پاکستان کے تمام علاقوں میں 13 گھنٹوں سے کم ہوگی، جو رویت کے لیے ناکافی ہے۔
ماہرین فلکیات کے مطابق دوربین کے ذریعے چاند دیکھنے کے لیے کم از کم ساڑھے 14 گھنٹے جبکہ انسانی آنکھ سے واضح رویت کے لیے 22 سے 24 گھنٹے درکار ہوتے ہیں۔ مزید کہا گیا ہے کہ قابلِ اعتماد رویت کے لیے چاند کی عمر 24 سے 30 گھنٹے ہونا زیادہ بہتر سمجھا جاتا ہے۔
ماہرین کے مطابق غروبِ شمس اور غروبِ قمر کے درمیان فرق بھی رویت کے لیے اہم ہوتا ہے، جو آج اسلام آباد میں 26 منٹ، لاہور میں 21 منٹ، کراچی میں 26 منٹ جبکہ پشاور میں 30 منٹ رہے گا، جو مطلوبہ 40 منٹ سے کم ہے۔
سپارکو ذرائع کا کہنا ہے کہ ان تمام سائنسی عوامل کو مدنظر رکھتے ہوئے آج چاند نظر آنے کا امکان نہیں، جبکہ یکم شوال کا آغاز ہفتہ 21 مارچ 2026 سے متوقع ہے۔
ماہرین نے واضح کیا ہے کہ حتمی اعلان رویت ہلال کمیٹی کی شہادتوں کی بنیاد پر کیا جائے گا۔
مزیدپڑھیں:عید الفطر 2026 کا متعدد اسلامی ممالک میں جمعہ کو اعلان

