Search
Close this search box.
جمعرات ,11 جون ,2026ء

بونگہ حیات: جمعہ کی نماز کے دوران مسجد کے باہر فائرنگ، 5 افراد زخمی

بونگہ حیات(نیوز ڈیسک) پنجاب کے علاقے بونگہ حیات میں جمعہ کی نماز کے دوران جامعہ مسجد کے داخلی گیٹ پر مسلح افراد کی فائرنگ سے پانچ افراد شدید زخمی ہو گئے، جبکہ نمازیوں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔

تفصیلات کے مطابق جامعہ مسجد اسد اللہ پور میں نماز جمعہ کی ادائیگی جاری تھی کہ اسی دوران مسلح افراد نے مسجد کے مرکزی دروازے پر اپنے مخالفین کو نشانہ بناتے ہوئے اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی۔ فائرنگ کے نتیجے میں پانچ افراد گولیاں لگنے سے زخمی ہو گئے، جنہیں فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

عینی شاہدین کے مطابق فائرنگ کے باعث مسجد میں بھگدڑ مچ گئی اور نمازی جان بچانے کے لیے ادھر اُدھر بھاگنے لگے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ واقعے کے وقت مسجد پر پولیس کی سکیورٹی ڈیوٹی موجود نہیں تھی۔

واقعے کے بعد ملزمان اسلحہ لہراتے ہوئے موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق فائرنگ کا واقعہ دیرینہ دشمنی کا شاخسانہ بتایا جا رہا ہے۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی آر پی او ساہیوال ایاز سلیم اور ڈی پی او جاوید چدھڑ پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے اور علاقے کو گھیرے میں لے کر ملزمان کی تلاش شروع کر دی۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی مکمل تحقیقات جاری ہیں اور ملزمان کو جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں