راولپنڈی (نیوز ڈیسک) فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نشان امتیاز (ملٹری)، ہلال جرات، چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز کی زیر صدارت 274ویں کور کمانڈرز کانفرنس منعقد ہوئی، جس میں ملک کی سیکیورٹی صورتحال، دہشت گردی کے خلاف جاری آپریشنز اور علاقائی حالات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق کانفرنس کے آغاز میں مسلح افواج، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور معصوم شہریوں کی قربانیوں پر فاتحہ خوانی کی گئی۔ فورم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ شہداء کی لازوال قربانیاں پاکستان کی سلامتی کی بنیاد ہیں۔
فورم نے واضح کیا کہ بھارت اور دیگر بیرونی عناصر کی سرپرستی میں کام کرنے والے دہشت گرد گروہوں، ان کے سہولت کاروں اور معاونین کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔
شرکاء نے اس بات پر زور دیا کہ آپریشن “غضب لِلحق” پوری شدت سے جاری رکھا جائے گا جب تک دہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہوں کا مکمل خاتمہ نہ ہو جائے اور افغان سرزمین کو پاکستان کے خلاف استعمال ہونے سے روک نہ دیا جائے۔
آرمی چیف نے مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت، انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز اور دفاع وطن کے لیے ثابت قدمی کو سراہتے ہوئے کہا کہ حکومت، افواج اور عوام کے باہمی تعاون سے پاکستان سیکیورٹی اور معاشی استحکام کی جانب گامزن ہے۔
کانفرنس میں مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر بھی غور کیا گیا۔ فورم نے سعودی عرب کے پیٹروکیمیکل اور صنعتی تنصیبات پر حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے انہیں خطے میں غیر ضروری کشیدگی قرار دیا۔
فورم کے مطابق ایسے اقدامات امن کی کوششوں کو نقصان پہنچاتے ہیں، جبکہ سعودی عرب کے صبر و تحمل نے سفارتی حل کی راہ ہموار کی ہے۔
کور کمانڈرز کانفرنس نے بھارت کی جانب سے پاکستان پر لگائے گئے بے بنیاد الزامات اور گمراہ کن بیانیے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ایسے ہتھکنڈے عالمی سطح پر بے نقاب ہو چکے ہیں۔
مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں، ماورائے عدالت ہلاکتوں اور جعلی مقابلوں پر بھی شدید تشویش کا اظہار کیا گیا۔
کانفرنس کے اختتام پر آرمی چیف نے کمانڈرز کو آپریشنل تیاری، نظم و ضبط، تربیت، جسمانی فٹنس اور جدید جنگی مہارتوں کے اعلیٰ معیار کو برقرار رکھنے کی ہدایت کی۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کی مسلح افواج ہر قسم کے خطرات کا مقابلہ کرنے اور ملک کی خودمختاری و علاقائی سالمیت کے دفاع کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔




