Search
Close this search box.
جمعرات ,25 جون ,2026ء

سونے کی قیمتوں کو پھر پَر لگ گئے

کراچی (نیوز ڈیسک) ملک بھر میں سونے کی قیمتوں میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے، آج بھی عالمی و مقامی مارکیٹ میں قیمتی دھات کی قیمت میں بڑا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے بعد شہریوں اور سرمایہ کاروں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔

جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق عالمی بازار میں سونے کی قیمت 78 ڈالر اضافے کے بعد 4744 ڈالر فی اونس تک پہنچ گئی، جس کے اثرات فوری طور پر مقامی صرافہ مارکیٹ پر بھی دیکھنے میں آئے۔

آل پاکستان صرافہ مارکیٹ کے مطابق مقامی سطح پر ایک تولہ سونا 7 ہزار 800 روپے مہنگا ہونے کے بعد 4 لاکھ 96 ہزار 762 روپے کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔ اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت میں 6 ہزار 687 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد اس کی نئی قیمت 4 لاکھ 25 ہزار 893 روپے ہوگئی۔

دوسری جانب چاندی کی قیمت میں بھی نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا، فی تولہ چاندی 373 روپے مہنگی ہو کر 8 ہزار 445 روپے تک جا پہنچی۔

معاشی ماہرین کے مطابق عالمی معاشی غیر یقینی صورتحال، سرمایہ کاروں کا محفوظ سرمایہ کاری کی جانب رجحان اور بین الاقوامی مارکیٹ میں ڈالر کی صورتحال سونے کی قیمتوں میں اضافے کی بڑی وجوہات ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی سونے کی قیمت میں غیر معمولی اضافہ ریکارڈ کیا گیا تھا، جب عالمی مارکیٹ میں فی اونس سونا 111 ڈالر مہنگا ہوا تھا جبکہ پاکستان میں فی تولہ سونا 11 ہزار 100 روپے اضافے کے بعد 4 لاکھ 88 ہزار 962 روپے تک پہنچ گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں