Search
Close this search box.
اتوار ,07 جون ,2026ء

جنوبی پنجاب میں غیر قانونی سگریٹ اسمگلنگ کا مبینہ نیٹ ورک بے نقاب

اسلام آباد: غیر قانونی سگریٹ اسمگلنگ کے ایک مبینہ بڑے نیٹ ورک سے متعلق اہم انکشافات سامنے آئے ہیں، جس کے بعد بلوچستان سے جنوبی پنجاب تک استعمال ہونے والے ممکنہ راستوں پر سوالات اٹھنے لگے ہیں۔

ذرائع کے مطابق چند ماہ قبل ڈیرہ غازی خان ڈویژن کے علاقے میں ایک گاڑی کو حادثہ پیش آیا، جس کے بعد تحقیقات کے دوران مبینہ طور پر غیر قانونی سگریٹ اسمگلنگ سے جڑے معاملات سامنے آئے۔ اطلاعات کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والی گاڑی سے ڈیوٹی اور ٹیکس ادا کیے بغیر فروخت کیے جانے والے سگریٹوں کے سیکڑوں کارٹن برآمد ہوئے۔

رپورٹس کے مطابق زخمی ڈرائیور کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا جبکہ برآمد شدہ سامان کسٹمز حکام کے حوالے کر دیا گیا۔ واقعے کے بعد مختلف اداروں نے مبینہ اسمگلنگ روٹ کے حوالے سے معلومات جمع کرنا شروع کر دیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ بلوچستان سے پنجاب میں داخل ہونے والے راستوں پر متعدد چیک پوسٹیں قائم ہیں جہاں مختلف قانون نافذ کرنے والے ادارے تعینات ہیں۔ اس کے باوجود بڑی مقدار میں غیر قانونی سامان کی نقل و حمل کے دعوؤں نے نگرانی کے نظام پر کئی سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔

تحقیقاتی ذرائع کے مطابق بعض دریائی گزرگاہوں کو بھی مبینہ طور پر متبادل راستوں کے طور پر استعمال کیا جا رہا ہے، جس کے باعث اسمگلنگ کی سرگرمیوں کو روکنا مزید مشکل ہو جاتا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر اس واقعے کی مکمل اور شفاف تحقیقات کی جائیں تو مبینہ نیٹ ورک کے مالی معاونین، سہولت کاروں، ترسیلی نظام اور تقسیم کاروں تک پہنچنے میں مدد مل سکتی ہے۔ ان کے مطابق غیر قانونی سگریٹ اسمگلنگ نہ صرف قومی خزانے کو نقصان پہنچاتی ہے بلکہ قانونی کاروبار کو بھی شدید متاثر کرتی ہے۔

حکام کی جانب سے تاحال اس معاملے پر باضابطہ تحقیقات جاری ہیں اور مزید پیش رفت سامنے آنے کا امکان ہے۔

یہ بھی پڑھیں