اسلام آباد: ملک میں بارش کی پیشگوئی کے تحت محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ 11 جون سے مغربی ہواؤں کا ایک نیا سلسلہ ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہوگا جس کے باعث مختلف شہروں میں آندھی، جھکڑ، گرج چمک اور بارش متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق یہ موسمی نظام 13 جون تک اثرانداز رہے گا، جس کے دوران اسلام آباد، مری، راولپنڈی، لاہور، فیصل آباد اور دیگر شہروں میں بارش ہونے کا امکان ہے۔ بعض مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش بھی متوقع ہے۔
رپورٹ کے مطابق مظفرآباد، راولاکوٹ، گلگت، ہنزہ اور اسکردو سمیت شمالی علاقوں میں بارش کے ساتھ ژالہ باری کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے، جبکہ خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع چترال، سوات، ایبٹ آباد، پشاور، مردان اور کوہاٹ میں آندھی اور بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
دوسری جانب بلوچستان کے علاقوں ژوب، قلعہ سیف اللہ اور گردونواح میں بھی تیز ہواؤں اور بارش کا امکان ہے۔ سندھ کے بالائی اضلاع سکھر، جیکب آباد، لاڑکانہ اور گھوٹکی میں گرد آلود ہوائیں چلنے کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ بعض علاقوں میں موسلادھار بارش کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آ سکتے ہیں۔ خاص طور پر پنجاب کے نشیبی علاقوں میں شہری انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ماہرین نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ خراب موسم کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور موسمی صورتحال سے متعلق سرکاری ہدایات پر عمل کریں۔


