Search
Close this search box.
جمعرات ,11 جون ,2026ء

سیلابی صورتحال کا خدشہ، این ڈی ایم اے نے ملک کے بالائی علاقوں کیلئے الرٹ جاری کر دیا

اسلام آباد: سیلابی صورتحال کے ممکنہ خطرے کے پیش نظر نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر (این ای او سی) نے 10 سے 15 جون تک ملک کے مختلف بالائی علاقوں کے لیے اہم الرٹ جاری کر دیا ہے۔

این ڈی ایم اے کے مطابق مغربی ہواؤں کے نئے سلسلے کے باعث گلگت بلتستان، خیبرپختونخوا اور آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں آندھی، گرج چمک اور بارشوں کا امکان ہے، جس سے مقامی سطح پر اچانک سیلابی کیفیت پیدا ہو سکتی ہے۔

الرٹ میں کہا گیا ہے کہ پہاڑی علاقوں میں شدید بارشوں کے نتیجے میں ندی نالوں اور برساتی گزرگاہوں میں طغیانی آ سکتی ہے۔ خیبرپختونخوا کے چترال، شانگلہ، کوہستان، بٹگرام اور مانسہرہ جبکہ آزاد کشمیر کے مظفرآباد، وادی نیلم، باغ اور راولاکوٹ کے علاقوں کو زیادہ حساس قرار دیا گیا ہے۔

اسی طرح گلگت بلتستان کے گپس یاسین، غذر، دیامر، تانگیر، داریل اور گلگت کے مختلف مقامات پر بھی سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

این ڈی ایم اے نے 12 سے 15 جون کے دوران گلگت بلتستان اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے خطرے سے بھی خبردار کیا ہے۔ ادارے کے مطابق قراقرم ہائی وے، جگلوٹ-سکردو روڈ اور دیگر اہم شاہراہوں پر عارضی بندش اور سفری مشکلات پیش آ سکتی ہیں۔

چلاس، بشیداس، تھلپن، شینگس نالہ، شیطان نالہ، چماچو اور ٹورمک نالہ سمیت کئی حساس مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ اور مٹی کے تودے گرنے کے امکانات بڑھ گئے ہیں۔

این ڈی ایم اے نے شہریوں، سیاحوں اور مسافروں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور موسمی صورتحال پر نظر رکھنے کی ہدایت کی ہے۔ ضلعی انتظامیہ اور امدادی اداروں کو ہنگامی ٹیمیں، ڈی واٹرنگ مشینری اور ریسکیو وسائل تیار رکھنے کا بھی حکم دیا گیا ہے۔

حکام نے نشیبی علاقوں میں رہنے والے افراد سے اپیل کی ہے کہ وہ مقامی انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کریں اور بروقت اطلاعات کے لیے پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ ایپ سے رہنمائی حاصل کریں۔

یہ بھی پڑھیں