اسکردو: اسکردو ون انتخابی نتائج کے تحت گلگت بلتستان اسمبلی کے حلقہ جی بی اے-7 اسکردو ون سے پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار سید توقیر مہدی نے کامیابی حاصل کر لی ہے۔
غیر سرکاری نتائج کے مطابق حلقے کے تمام 31 پولنگ اسٹیشنز کے نتائج موصول ہونے کے بعد سید توقیر مہدی 4 ہزار 337 ووٹ حاصل کرکے پہلے نمبر پر رہے۔ ان کے مدمقابل استحکام پاکستان پارٹی کے امیدوار راجہ جلال حسین خان 3 ہزار 891 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔
گلگت بلتستان اسمبلی کی 24 نشستوں کے لیے پولنگ اتوار کو شام 5 بجے اختتام پذیر ہوئی تھی جس کے بعد ووٹوں کی گنتی کا عمل شروع کیا گیا۔ اسکردو ون انتخابی نتائج سامنے آنے کے بعد پیپلز پارٹی کے کارکنوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی اور مختلف مقامات پر جشن منایا گیا۔
الیکشن حکام کے مطابق مجموعی طور پر انتخابی عمل پرامن ماحول میں مکمل ہوا اور کسی بڑے ناخوشگوار واقعے کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔ تاہم چند مقامات پر سیاسی کارکنوں کے درمیان معمولی تلخ کلامی کی اطلاعات سامنے آئیں۔
گلگت بلتستان کے 10 اضلاع میں 9 لاکھ 50 ہزار سے زائد رجسٹرڈ ووٹرز کو حق رائے دہی حاصل تھا جبکہ تقریباً 400 امیدوار میدان میں موجود تھے۔ انتخابات کے لیے 1391 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے تھے جن میں 551 کو انتہائی حساس اور 349 کو حساس قرار دیا گیا تھا۔
دیگر حلقوں کے نتائج بھی مرحلہ وار موصول ہو رہے ہیں جبکہ مختلف سیاسی جماعتوں کے درمیان کئی نشستوں پر سخت مقابلہ جاری ہے۔

