Search
Close this search box.
منگل ,30 جون ,2026ء

صدر ،وزیراعظم کی مبارکباد، ٹرمپ انتظامیہ کے آنے سے پاک امریکہ تعلقات پر اثر نہیں پڑیگا ،دفترخارجہ

،اسلام آباد (رضوان عباسی )ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ صدر اور وزیراعظم پاکستان نے امریکی انتخابات میں ڈونلڈ ٹرمپ کی کامیابی پر مبارکباد دی اور کہا کہ پاکستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت کی قیاس آرائیاں غلط ہیں ، ٹرمپ انتظامیہ کے آنے سے پاک امریکہ تعلقات پر اثر نہیں پڑے گا ،پاکستان امریکہ کے ساتھ تعلقات کو مزید فروغ دینے کا خواہاں ہے، ترجمان نے مقبوضہ کشمیر پر پاکستان کے موقف کو دہرایا اور کہا کہ بھارت کو سمجھنا چاہیے کہ وہ طاقت کے استعمال سے کشمیریوں کے جذبات نہیں دبا سکتا۔

ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے ہفتہ وار بریفنگ میں صحافیوں کو آگاہ کیا کہ ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے پاکستان کا دو روزہ دورہ کیا۔ ایرانی وزیر خارجہ نے پاکستانی قیادت سے ملاقاتیں کیں، جس میں دونوں ممالک نے مشرق وسطیٰ کی صورتحال اور غزہ میں جاری مظالم کی مذمت کی۔ترجمان نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کی غزہ کے حالات پر رپورٹ کا خیر مقدم کرتا ہے اور اسرائیلی حملوں سے یو این آر ڈبلیو اے کے کارکنوں کو درپیش مسائل پر تشویش کا اظہار کرتا ہے۔

ان حملوں کے باعث فوری طبی امداد کے منتظر فلسطینیوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ترجمان نے کشمیر کے حریت رہنما یاسین ملک کی بگڑتی صحت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے بھارتی انتظامیہ سے ان کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا اور کہا کہ یاسین ملک کے خلاف جعلی مقدمات بنائے گئے ہیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف 11 نومبر کو سعودی عرب میں بین الاقوامی کانفرنس میں شرکت کے لیے ریاض جائیں گے۔ اس کانفرنس میں غزہ کی صورتحال پر بات چیت ہوگی اور وزیراعظم مختلف رہنماوں، بشمول او آئی سی کے عہدیداروں سے ملاقاتیں کریں گے۔

وزیراعظم بعد ازاں باکو میں منعقدہ کوپ 29 سمٹ میں بھی شرکت کریں گے، جہاں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار بھی ان کے ہمراہ ہوں گے۔ یہ کانفرنس اس وقت ہو رہی ہے جب پاکستان میں لاکھوں افراد ماحولیاتی تبدیلیوں سے متاثر ہیں۔ترجمان نے بتایا کہ پاکستانی سیکیورٹی فورسز نے ہنجگور کے قریب 30 کلومیٹر اندر اسمگلرز کے خلاف کامیاب کارروائی کی۔

پاک ایران سرحد پر پاکستانی اور ایرانی سیکیورٹی فورسز کے مشترکہ آپریشن کی افواہیں بے بنیاد ہیں اور یہ دہشت گردوں کی پھیلائی ہوئی غلط خبریں ہیں۔پاک چین تعلقات کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تزویراتی شراکت داری ہے جو کسی بھی موسمی یا جغرافیائی تبدیلی سے متاثر نہیں ہوتی۔ ترجمان نے چینی شہریوں کے تحفظ کے حوالے سے کہا کہ پاکستان چینی شہریوں، منصوبوں اور کمپنیوں کو مکمل تحفظ فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔مشرقی ایشیا میں مغوی پاکستانیوں کی بازیابی کے لیے پاکستانی مشن سرگرم عمل ہیں اور اس حوالے سے سنجیدہ اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔

امریکہ میں گرفتار پاکستانی آصف مرچنٹ کے بارے میں ترجمان نے بتایا کہ واشنگٹن میں پاکستانی سفارتخانے نے امریکی حکام سے رابطہ کیا ہے اور ان کی قومیت کی تصدیق کے لیے مزید معلومات اور قونصلر رسائی کا مطالبہ کیا ہے۔ترجمان دفتر خارجہ نے برطانیہ میں جسٹس قاضی فائز عیسیٰ پر حملے کے معاملے پر بھی بات کی اور کہا کہ اس حوالے سے برطانوی حکام کے ساتھ تحقیقات میں رابطے میں ہیں۔

اسرائیل کی اندھا دھند حمایت ختم کردیں ،حماس کا ڈونلڈ ٹرمپ کی جیت پر ردعمل

یہ بھی پڑھیں