اسلام آباد(نیوز ڈیسک) ملک بھر میں آج یوم پاکستان ملی جوش و جذبے سے منایا جا رہاہے۔یوم پاکستان کے موقع پر دن کا آغاز وفاقی دارالحکومت میں توپوں کی سلامی سے ہوا جبکہ شاعر مشرق علامہ اقبال کے مزار پر گارڈز کی تبدیلی کی پر وقار تقریب بھی منعقد ہوئی۔
یومِ پاکستان کی پریڈ ایوان صدر میں ہو رہی ہے جس کے مہمان خصوصی صدر آصف علی زرداری ہیں، ایوان صدر میں منعقد ہونے والی پریڈ میں غیر ملکی سفیر، اعلیٰ سول اور فوجی حکام بھی شریک ہیں۔
قبل ازیں صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے قوم کو یوم پاکستان کی مبارک باد بھی دی۔
صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ بہادر مسلح افواج مادرِ وطن کے دفاع میں بڑی قربانیاں دے رہی ہیں۔وزیراعظم شہباز شریف نے کہاکہ ایک برس میں ہم نے پاکستان کی معیشت کو پائیدار ترقی کی راہ پر گامزن کیا، قومی اتحاد سے ہم معاشی خوشحالی حاصل کر سکتے ہیں، وطن کی حفاظت میں جانیں نچھاور کرنے والے شہداء کو سلام ہے۔


