اسلام آباد (نیوز ڈیسک) نادرا نے اپنی پاک آئی ڈی موبائل ایپ کا نیا ورژن 5.0.0 جاری کیا جس میں عوام کی سہولت کے لیے نئی خصوصیات شامل کی گئی ہیں۔
نادرا کے مطابق اپ ڈیٹ شدہ ایپ میں ایک بہتر ڈیش بورڈ، مزید مؤثر سرچ آپشن اور شناختی کارڈز کی منسوخی کا تیز رفتار طریقہ شامل کیا گیا ہے، ایپ کی تمام خصوصیات کو اب انگریزی اور اردو دونوں زبانوں میں لیبل کیا گیا ہے تاکہ دیہی علاقوں کے رہائشی افراد بھی آسانی سے استعمال کر سکیں۔
بتایا گیا کہ ایپ کے اِن باکس کے ذریعے درخواست کی پیشرفت کا پتہ لگانے کی سہولت اور مخصوص اضلاع میں یونین کونسلز کے تعاون سے آن لائن وفات کی رجسٹریشن بھی شامل ہے، نادرا نے شہریوں سے درخواست کی ہے کہ وہ نئی سہولیات کے حصول کے لیے ایپ کا تازہ ترین ورژن ڈاؤن لوڈ کریں۔
اسی سلسلے میں کراچی کے میئر مرتضیٰ وہاب نے حال ہی میں اعلان کیا ہے کہ شہر کی تمام یونین کونسلز میں نادرا کاؤنٹرز قائم کیے جائیں گے تاکہ عوام کو رجسٹریشن میں کوئی رکاوٹ نہ ہو، یہ اعلان بابر مارکیٹ لانڈھی میں اپ گریڈ شدہ نادرا رجسٹریشن سینٹر کے افتتاح کے موقع پر کیا گیا۔
مزید پڑھیں :26 نومبر احتجاج؛ بشریٰ بی بی، عمر ایوب سمیت پی ٹی آئی رہنماؤں کی ضمانت میں توسیع



