اسلام آباد(نیوز ڈیسک) وفاقی حکومت نے آئندہ مالی کے بجٹ میں گلگت بلتستان کےترقیاتی بجٹ میں اضافے کی تیاری شروع کردی۔
دستاویز کے مطابق آئندہ مالی سال گلگت بلتستان کےوفاقی ترقیاتی بجٹ میں27.32 فیصد کا اضافہ تجویز کیا گیا ہے ، یہ اضافہ گلگت بلتستان کے رواں مالی سال کے نظرثانی ترقیاتی بجٹ میں تجویزکیا گیا جب کہ اصل ترقیاتی بجٹ کے مقابلےگلگت بلتستان کیلئے 5.26 فیصد اضافہ بنتا ہے۔
دستاویز میں بتایا گیا ہے کہ آئندہ مالی سال گلگت بلتستان کا ترقیاتی بجٹ 39 ارب روپے سے زائد تجویز کیا گیا ہے جب کہ نظرثانی ترقیاتی بجٹ 30ارب67 کروڑروپےمختص ہے۔
دستاویز کے مطابق رواں مالی سال گلگت بلتستان کیلئے37 ارب10کروڑ روپے کا ترقیاتی بجٹ رکھا گیا تھا، آئندہ مالی سال گلگت بلتستان کیلئے بلاک الوکیشن/اے ڈی پی کی مدمیں23 ارب روپے ، وزیراعظم کے خصوصی پیکج کے تحت 4 ارب روپے ، نلترہائیڈروپاورکے16میگاواٹ منصوبےکی تعمیرکے لیے 2 ارب20 کروڑروپے، ریجنل گرڈ کے قیام کے منصوبے کیلئے ایک ارب ، مختلف سائٹس پر سولرپلانٹس منصوبے کے لیے ایک ارب 71کروڑ اور ریجنل گرڈ کے قیام کےمنصوبے کیلیے ایک ارب روپے تجویز کیے گئے ہیں۔
دوسری جانب گلگت بلتستان میں نکاس آب، سڑکوں اور پانی فراہمی کےمنصوبوں جب کہ اسپتالوں کی تعمیر کےمنصوبوں کے لیےبھی فنڈز تجویز کیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں۔جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی(JAAC) پر پابندی کے بعد آزاد جموں و کشمیر میں امن و امان بحال



