لاہور (اوصاف نیوز) پنجاب حکومت نے عوام کو غیر معیاری توانائی کی مصنوعات کے نقصان سے بچانے اور بجلی کی بچت کو فروغ دینے کیلئے ایک بڑا قدم اٹھا لیا۔
صوبے میں توانائی کی بچت کیلئے جدید ترین لیبارٹری قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا، جس سے صارفین کو براہِ راست فائدہ پہنچے گا۔
حکام کے مطابق مارکیٹ میں اس وقت غیر معیاری پنکھے، بیٹریاں اور سولر مصنوعات بڑی تعداد میں فروخت ہو رہی ہیں جو کم کارکردگی کے ساتھ ساتھ بجلی کے بلوں میں اضافے کا سبب بھی بنتی ہیں۔ ان مصنوعات کے معیار کی مؤثر جانچ کیلئے اب نئی لیبارٹری قائم کی جائے گی جہاں بیٹری اور پنکھے بنانے والی فیکٹریوں کے آلات اور سولر ٹیکنالوجی کی باقاعدہ ٹیسٹنگ کی جائے گی۔
اس منصوبے کے تحت صوبے میں موجود سولر ٹیسٹنگ لیبز کو بھی اپ گریڈ کیا جائے گا، تاکہ مقامی صنعت کو سہارا ملے اور درآمدی مصنوعات پر انحصار کم ہو سکے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے نہ صرف بجلی کی بچت ہوگی بلکہ عوام کو اعلیٰ معیار کی مصنوعات میسر آئیں گی جو زیادہ پائیدار اور کارآمد ہوں گی۔
رپورٹس کے مطابق اس منصوبے کی فزیبیلٹی کیلئے حکومت پنجاب کی جانب سے 16 کروڑ روپے کے فنڈز جاری کر دیے گئے ہیں۔ توقع ہے کہ لیبارٹری کے قیام سے توانائی کے شعبے میں شفافیت آئے گی اور عوام کو معیاری مصنوعات فراہم کرنے میں مدد ملے گی، جس کا براہِ راست اثر بجلی کے بلوں میں کمی کی صورت میں نظر آئے گا۔
مزید پڑھیں:سلمان آغا کیجانب سے رنر اپ کا چیک وصول کرکے پھینکنے کی حقیقت سامنے آگئی


