لاہور(نیوز ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی رکنِ پنجاب اسمبلی عظمیٰ کاردار جم ٹریننگ کے دوران سر پر لوہے کا راڈ لگنے سے شدید زخمی ہو گئیں۔
رپورٹ کے مطابق شدید زخمی حالت میں عظمیٰ کاردار کو نجی ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ابتدائی طبی امداد کے بعد انہیں سروسز ہسپتال لایا گیا، ڈاکٹرز نے ان کے سر پر ٹانکے لگا کر چند روز مکمل آرام کا مشورہ دیتے ہوئے گھر بھیج دیا ۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ رکن پنجاب اسمبلی عظمیٰ کاردار جم خانہ میں روزانہ کی بنیاد پر تقریباً ایک گھنٹہ ویٹ ٹریننگ کرتی ہیں، آج ورک آؤٹ کے دوران ان کا ٹرینر موقع پر موجود نہیں تھا۔
ٹرینر کی عدم موجودگی میں وزن اٹھانے والے راڈ کی حفاظتی پن مکمل طرح سے لاک نہ ہو سکا اور راڈ اچانک ان کے سر پر آ لگا جس کے باعث ان کے سر پر گہرا زخم آیا اور شدید خون بہنے لگا۔
بعدازاں میڈیا سے گفتگو کے دوران عظمیٰ کاردار نے بتایا کہ عمومی طور پر ٹرینر ان کے ساتھ ہوتا ہے جو ان تمام حفاظتی چیزوں کا اچھے سے خیال رکھتا ہے، تاہم ٹرینر کی عدم موجودگی اور اپنی لاپرواہی کے باعث یہ حادثہ پیش آیا۔
انہوں نے بتایا کہ نجی ہسپتال کے عملے نے فوری طور پر بلیڈنگ روک کر ڈریسنگ کی، جس کے بعد وہ ٹانکے لگوانے کے لیے سروسز ہسپتال پہنچیں، سروسز ہسپتال کے ڈاکٹرز نے ضروری علاج اور ٹانکے لگانے کے بعد ڈسچارج کر دیا جس کے بعد وہ اپنی رہائش گاہ روانہ ہو گئیں۔
مزید پڑھیں۔امریکی نیوی کے 2 لڑاکا طیارے ائیر شو کے دوران آپس میں ٹکرا کر تباہ ہوگئے



