اسلام آباد(نیوزڈیسک) ملک بھر میں انسداد پولیو مہم (آج) پیر سے شروع ہوگی۔مہم کے دوران پانچ سال سے کم عمر کے 24ملین سے زائد بچوں کو انسداد پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے۔یہ مہم پنجاب کے 10اضلاع، سندھ کے 24 اضلاع، خیبرپختونخوا کے 26 اضلاع، بلوچستان کے 30 اضلاع سمیت وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں شروع کردی گئی ہے ۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف کا کہنا ہے کہ پاکستان سے پولیو خاتمے کیلئے انتھک محنت جاری وساری ہے ، پولیو سے پاک پاکستان کے ہدف تک پہنچنے کیلئے تمام بین الاقوامی شراکت داروں کی جانب سے مسلسل کوششوں کی ضرورت ہے۔پیر کو ریاض میں ورلڈ اکنامک فورم کے خصوصی اجلاس کے موقع پر بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن کے بانی اور شریک چیئرمین بل گیٹس سے گفتگو کر رہے تھے۔
پی ایس او نے 4 لاکھ میٹرک ٹن ڈیزل کی درآمدات منسوخ کردی
پاکستان میں پولیو خاتمے کیلئے فاؤنڈیشن کی دیرینہ حمایت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ملک اس سلسلے میں فاؤنڈیشن کے ساتھ اپنی مضبوط شراکت داری جاری رکھے گا۔انہوں نے کہا کہ گیٹس فاؤنڈیشن پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی میں ایک قابل اعتماد شراکت دار ہے اور ہم آئی ٹی، سائنس کی تعلیم اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ سمیت دیگر شعبوں میں مزید تعاون کے خواہاں ہیں۔
اس موقع پر بل گیٹس نے بطور وزیر اعلیٰ شہباز شریف کی قیادت میں پنجاب میں حفاظتی ٹیکوں اور پولیو کے قطرے پلانے کے پروگرام کو یاد کیا اور حفاظتی ٹیکوں کے پروگرام کو کامیاب بنانے کے لیے اسی طرز عمل کو ملک بھر میں دہرانے پر زور دیا۔انہوں نے پاکستان کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پولیو کا خاتمہ مستقبل کی نسلوں کو اس موذی مرض سے بچانے کے لیے بہت ضروری ہے۔وزیراعظم اور بل گیٹس نے پاکستان اور فاؤنڈیشن کے درمیان حفاظتی ٹیکوں، غذائیت اور مالیاتی شمولیت کے شعبوں میں جاری سرگرمیوں پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
