گرم موسم میں گوشت زیادہ کھانے سے صحت کے مختلف مسائل پیدا ہوسکتے ہیں، ماہرین صحت نے شہریوں کو عیدالاضحیٰ کے دنوں میں احتیاط برتنے کا مشورہ دے دیا۔
ماہرین کے مطابق شدید گرمی میں زیادہ مقدار میں گوشت کھانے سے بدہضمی، معدے کی خرابی، تیزابیت اور پیٹ کے دیگر مسائل پیدا ہونے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔ خصوصاً مصالحے دار اور چکنائی سے بھرپور گوشت جسم کے نظامِ ہاضمہ پر اضافی دباؤ ڈال سکتا ہے۔
طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ عیدالاضحیٰ کے دوران لوگ معمول سے زیادہ گوشت کھاتے ہیں، جس کے باعث معدہ خوراک کو صحیح طریقے سے ہضم نہیں کر پاتا۔ یہی وجہ ہے کہ عید کے دنوں میں بدہضمی، متلی، پیٹ درد اور گیس کے مریضوں کی تعداد بڑھ جاتی ہے۔
ماہرین نے مشورہ دیا ہے کہ گرم موسم میں گوشت اعتدال کے ساتھ کھایا جائے اور اس کے ساتھ پانی، سلاد، دہی اور لیموں جیسی ٹھنڈی غذاؤں کا استعمال بھی کیا جائے تاکہ جسم میں پانی کی کمی نہ ہو۔
انہوں نے کہا کہ باربی کیو اور زیادہ تلی ہوئی اشیاء سے حتیٰ الامکان پرہیز کرنا چاہیے جبکہ گوشت کو فریج میں محفوظ رکھنے کے اصولوں پر عمل کرنا بھی ضروری ہے تاکہ خوراک خراب ہونے سے بیماریوں سے بچا جا سکے۔
ماہرین صحت کے مطابق دل، شوگر اور معدے کے مریض خاص احتیاط کریں اور اپنی غذا متوازن رکھیں۔ بچوں اور بزرگوں کو بھی کم مقدار میں گوشت کھلانے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ گرمی کے موسم میں صحت متاثر نہ ہو۔



