ممبئی (ویب ڈیسک) اداکارہ زرین خان نے سلمان خان کی فلم ’ویر‘ کے بعد کسی دوسرے بڑے اداکار کے ساتھ کام نہ ملنے پر لب کشائی کردی۔ممبئی کی گود میں آنکھ کھولنے والی زرین خان کا تعلق ایک مسلمان، پٹھان خاندان سے ہے جنہوں نے فلم ’ویر‘ میں 18ویں صدی کی شہزادی ‘یشودھارا’ کا کردار نبھایا تھا۔
زرین خان ڈاکٹر بننا چاہتی تھیں لیکن 2008 میں فلم ‘ویر’ کی شوٹنگ دیکھنے سیٹ پر پہنچیں جہاں انہیں سلمان خان نے دیکھ لیا اور 21برس کی زرین کو اپنی فلم میں کاسٹ کرلیا۔
اگرچہ زرین خان ایک ہی فلم سے مشہور ہوگئیں اور ان کو ’شہزادی یشودھرا‘ کہا جانے لگا لیکن فلم کی ریلیز سے قبل ہی وہ کترینہ کیف‘ کی کاربن کاپی کی شہرت حاصل کرچکی تھیں۔
’ویر‘ میں بہترین اداکاری کے جوہر دکھانے کے بعد زرین خان کو فلم ’ریڈی‘ میں سلمان خان کے ساتھ گیت ’کریکٹر ڈھیلا‘ ہے پر رقص کرتے تو دیکھا گیا لیکن ان کو کسی دوسرے سپر اسٹار نے اپنی فلم میں کاسٹ نہیں کیا البتہ وہ ’ہیٹ اسٹوری 3‘ میں ضرور کاسٹ کی گئیں جو ایک بولڈ فلم تھی۔
اداکارہ نے ایک انٹرویو میں اس حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’ جب میں نے ویر سائن کی تھی اور ڈیڑھ سال تک ہم نے اس فلم کی شوٹنگ کروائی تھی، اس وقت تک مجھے یقین نہیں ہوتا تھا کہ میں سلمان خان کی ہیروئین بن رہی ہوں۔ میں ہمیشہ سے ان کی مداح تھی اور میں سیٹ پر کئی بار انہیں دیکھتی رہتی تھی‘۔
اداکارہ نے انکشاف کیا کہ ’مجھے فلم میں جیسا نظر آنے کو کہا گیا تھا، میں نے اسی حساب سے اپنی پوری محنت سے اداکاری کی تھی۔ لوگوں نے مجھے تب زیادہ پسند نہیں کیا، شاید اس کی ایک وجہ یہی تھی کہ میری تشہیر اس طرح نہیں ہوئی تھی جس طرح کسی اسٹار کڈ کی ہوتی ہے‘۔
زرین خان نے مزید کہا کہ ’میڈیا لوگوں کی سوچ بنانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ ویر میں میرا پہلا روپ باضابطہ طور پر پیش کیا بھی نہیں گیا تھا اور میڈیا نے خبریں دینا شروع کردی تھیں کہ کترینہ کیف کی ہمشکل لڑکی سلمان خان کے ساتھ کام کرے گی‘۔
انکا کہنا تھا کہ ’لوگوں کی سوچ اسی طرح بن گئی اور انہوں نے مجھے ایک بہروپیئے کی طرح دیکھا، لوگوں نے میری صلاحیت پر توجہ ہی نہیں دی۔ کترینہ اس وقت بھی انڈسٹری میں اچھے مقام پر تھیں اور لوگوں کے دماغ میں یہ بات بٹھا دی گئی تھی کہ میں کترینہ کا بہروپ ہوں۔ میں خوش ہوں کہ میں اپنی جگہ بنانے میں کامیاب ہوگئی اور آج لوگ مجھے میرے نام سے پہچانتے ہیں‘۔
مزیدپڑھیں :یوٹیوب کا اینڈرائیڈ صارفین کے لیے نیا فیچر متعارف
