ممبئی(شوبز ڈیسک)بالی وڈ کے خوبرو اداکار سلمان خان نے مردوں کی مردانگی پر اپنا متنازع تبصرہ دے کر سوشل میڈیا پر ایک نئی بحث چھیڑ دی۔
اداکار سلمان خان کا کہنا تھا کہ ‘فی زمانہ آدمی بظاہر دکھنے میں تو آدمی نظر آتے ہیں لیکن وہ دراصل مرد نہیں ہیں‘۔
اداکار نے ‘جینریشن زی’ کو ٹارگٹ کرتے ہوئے کہا کہ آج کے دور کا مرد، مرد صرف نام کا مرد ہے، اس میں مردانہ وجاہت نام کی کوئی چیز نہیں ہے ۔
انہوں نے کہا کہ یہ اِس لیے نہیں ہے کہ سوسائٹی کا پریشر ہے بلکہ ایسا صرف اس لیے ہے کیونکہ مرد خود ہی مرد نہیں بننا چاہتے۔
سلمان خان کی جانب سے یہ بیان مشہور مصنف جوڑی سلیم خان اور جاوید اختر کی ویب فلم ‘اینگری ینگ مین‘ کی ٹریلر لانچ تقریب کے دوران دیا گیا۔
اداکار کی جانب سے مردانگی پر دیے جانے والے بیان کی کلپ فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوگئی جس کے کمنٹ سیکشن میں مداح ملے جلے تبصرے کرتے نظر آئے۔
ویڈیو میں سلمان خان اپنے والد اور ان کے دوست جاوید اختر کے بارے میں بات کررہے تھے جہاں انہوں نے 70 کی دہائی کے سپر اسٹارز کا موجودہ نسل سے موازنہ کرتے ہوئے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
سلمان خان کا کہنا تھا کہ ‘آج کل کے لڑکے اب مرد نہیں بننا چاہتے جبکہ اس عمر میں بھی سلیم خان اور جاوید اختر مرد تھے، ہیں اور ہمیشہ رہیں گے‘۔
دبنگ خان کا کہنا تھا کہ ‘موجودہ نسل کے مردوں کو خدا مرد بناتا ہے لیکن وہ اب مرد بن کر رہنا نہیں چاہتے، اس کی مثال یوں ہے کہ اگر ہم اپنے آس پاس دیکھیں تو آدمی بہت ہیں لیکن مرد کوئی کوئی ہے‘۔
سلمان خان کی رائے سے مداح متفق
اداکار سلمان خان کی جانب سے جاری متنازع بیان پر سوشل میڈیا صارفین نے ردِ عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ‘دبنگ خان بلکل درست کہہ رہے ہیں کیونکہ اگر ہم اپنے اردگرد نظریں دوڑائیں تو لڑکوں میں اب مردانہ وجاہت دیکھنے کو نہیں ملتی‘۔
صارفین کا کہنا تھا کہ ‘نوجوان نسل ٹک ٹاک اور دیگر سوشل میڈیا ایپس کی بدولت مکمل برباد ہوچکی ہے اگر اپنے آس پاس دیکھیں تو ہر چار میں سے دوسرا لڑکا میک اپ کرتا یا ڈانس کرتا نظر آرہا ہے جوکہ کڑوا سچ ہے‘۔
واضح رہے کہ سلیم خان اور جاوید اختر کی زندگی پر بننے والی ویب فلم ‘اینگری ینگ مین‘ 20 اگست کو ایمیزون پرائم ویڈیو پر ریلیز کی جائے گی۔
اس سیریز میں سلمان خان، فرحان اختر، ریتیک روشن اور امیتابھ بچن سمیت کئی ستاروں کے انٹرویوز شامل ہیں۔
مزیدپڑھیں :نوجوان کو اسپورٹس کار کے ایگزاسٹ سے سگریٹ جلانا مہنگا پڑ گیا، کیا حال ہوا؟
