Search
Close this search box.
جمعرات ,09 جولائی ,2026ء

کراچی کا موسم کیسا رہے گا؟ محکمہ موسمیات نے بتادیا

کراچی: کراچی موسم میں نمایاں تبدیلی دیکھنے میں آ رہی ہے، جہاں سمندری ہواؤں اور بادلوں کے باعث گرمی کی شدت میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ آئندہ تین روز کے دوران شہر کا موسم جزوی طور پر ابر آلود اور مرطوب رہے گا، جبکہ رات کے اوقات میں ہلکی بوندا باندی کا بھی امکان موجود ہے۔

محکمہ موسمیات کے ارلی وارننگ سینٹر کے مطابق آئندہ تین روز کے دوران کراچی میں وقفے وقفے سے تیز ہوائیں بھی چل سکتی ہیں، جس سے موسم نسبتاً خوشگوار رہنے کی توقع ہے۔ پیش گوئی کے مطابق شہر میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34 سے 36 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہ سکتا ہے۔

ماہرین موسمیات کا کہنا ہے کہ بحیرہ عرب سے آنے والی مرطوب ہوائیں ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں تک پہنچ رہی ہیں، جبکہ ایک مغربی موسمی لہر بھی شمالی علاقوں پر اثر انداز ہو رہی ہے۔ انہی موسمی عوامل کے باعث کراچی میں گرمی کی شدت میں وقتی کمی محسوس کی جا رہی ہے۔

کراچی موسم کے حوالے سے جاری رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان برقرار ہے۔ تاہم بعض علاقوں میں گرد آلود ہوائیں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش بھی متوقع ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج جیکب آباد، قمبر شہداد کوٹ، لاڑکانہ، سکھر، دادو اور جامشورو سمیت مختلف اضلاع میں کہیں کہیں گرد آلود ہوائیں چلنے اور گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش ہونے کا امکان ہے۔

شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ موسم کی تازہ صورتحال سے باخبر رہیں، جبکہ تیز ہواؤں اور ممکنہ بارش کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

یہ بھی پڑھیں