Search
Close this search box.
جمعرات ,09 جولائی ,2026ء

جامعہ پشاور میں تنخواہوں اور پنشن کی عدم ادائیگی پر ملازمین کا احتجاج

پشاور: جامعہ پشاور تنخواہیں بروقت ادا نہ ہونے کے باعث ملازمین سراپا احتجاج بن گئے۔ گزشتہ دو ماہ سے تنخواہوں کی عدم ادائیگی اور ریٹائرڈ ملازمین کی تین ماہ سے پنشن بند ہونے پر مشتعل ملازمین نے ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ کو تالے لگا کر شدید احتجاج کیا۔

احتجاج کرنے والے ملازمین کا کہنا تھا کہ وہ کئی مرتبہ متعلقہ حکام اور صوبائی حکومت کی توجہ اس مسئلے کی جانب مبذول کرا چکے ہیں، تاہم بارہا احتجاج اور مطالبات کے باوجود کوئی عملی پیش رفت نہیں ہو سکی۔ ان کے مطابق موجودہ مہنگائی کے دور میں مسلسل دو ماہ سے تنخواہیں نہ ملنے کے باعث گھریلو اخراجات پورے کرنا انتہائی مشکل ہو گیا ہے۔

ملازمین نے الزام عائد کیا کہ ریٹائرڈ ملازمین بھی گزشتہ تین ماہ سے پنشن سے محروم ہیں، جس کے باعث انہیں شدید مالی مشکلات کا سامنا ہے۔ احتجاج میں کلاس فور سے لے کر گریڈ 14 تک کے ملازمین نے شرکت کی اور فوری ادائیگیوں کا مطالبہ کیا۔

احتجاجی ملازمین کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت جامعہ پشاور کے مالی بحران کے حل میں سنجیدہ دکھائی نہیں دیتی، جبکہ ادارے کے ملازمین اور پنشنرز مسلسل معاشی دباؤ کا شکار ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ تمام واجبات، تنخواہیں اور پنشن فوری طور پر جاری کی جائیں تاکہ ملازمین کی مشکلات کا خاتمہ ہو سکے۔

احتجاج کے دوران ملازمین نے خبردار کیا کہ اگر ان کے مطالبات جلد تسلیم نہ کیے گئے تو احتجاج کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا، جس سے تعلیمی اور انتظامی امور بھی متاثر ہو سکتے ہیں۔

دوسری جانب جامعہ انتظامیہ کی جانب سے اس معاملے پر تاحال کوئی باضابطہ مؤقف سامنے نہیں آیا، جبکہ ملازمین حکومت اور متعلقہ حکام سے فوری مداخلت کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں