اڈون تھانی(نیوز ڈیسک) گردن کا مساج کروانا گلوکارہ کی جان لے گیا، موت کی خبر سن کرگلوکارہ کے مداح غم کا شکار ہوگئے ہیں۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق تھائی لینڈ کے شہر اُڈون تھانی میں ایک گلوکارہ مساج کروانے کے دوران دم توڑ گئی۔ واقعے کی خبر سوشل میڈیا پر آگ کی طرح پھیل گئی اور گردن کا مساج کروانے والے افراد میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔
رپورٹ کے مطابق پھنگ چیڈا نامی تھائی گلوکارہ نومبر میں اپنے کندھے کے درد دور کروانے کی غرض سے مساج سینٹر گئی۔
مساج کے بعد پھنگ چیڈا کی حالت بہتر ہونے کے بجائے مزید خراب ہوگئی۔ انہیں اپنی گردن میں درد محسوس ہونے لگا، دایاں بازو کمزور ہو گیا، اور وہ جزوی طور پر مفلوج ہو گئیں۔
مساج کے صرف دو دن بعد گلوکارہ کو گردن کے پچھلے حصے میں شدید درد محسوس ہوا۔ پھر اگلے ہفتے گلوکارہ کی حالت اس حد تک بگڑ گئی کہ وہ 50 فیصد فالج کا شکار ہو گئی۔
رپورٹ کے مطابق 8 دسمبر کو تھائی گلوکارہ کی موت کی خبر سوشل میڈیا پر سامنے آئی۔ پھنگ چیڈا کی موت کی خبر شائع کرنے والے سوشل میڈیا پیج کی جانب سے مساج تھیراپی کروانے کے خطرات سے آگاہ کیا گیا، اور لوگوں کو گردن یا ریڑھ کی ہڈی پر مساج کرنے سے گریز کرنے کا مشورہ دیا گیا۔
سوشل میڈیا پوسٹ پر مزید کہا گیا کہ مساج کروانے کے بعد اگر آپ کو سر درد، چکر آنا، قے، یا اعضاء کی کمزوری جیسی علامات ظاہر ہونا شروع ہوں تو فوری طور پر علاج کے لیے ڈاکٹر سے رجوع کریں۔
پوسٹ نے یہ بھی نوٹ کیا کہ تھائی مساج میں گردن کو مروڑنا روایتی عمل نہیں ہے اور مساج کرانے والوں پر زور دیا کہ بڑے نقصان سے بچنے کے لیے اس طرح کے جارحانہ مساج سے پرہیز کریں۔
مزیدپڑھیں:معروف گلوکارہ نے توبہ کرلی، اسلام کی خاطر میوزک کی دنیا کو خیر باد کر دیا

