اسلام آباد (نیوز ڈیسک) معروف ہدایت کارہ و اداکارہ سنگیتا نے پہلی بار اپنی ذاتی زندگی پر کھل کر بات کرتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے جوانی میں اپنے ایک مداح اداکار سے شادی کی تھی، جو محض تین سال ہی چل سکی۔
سنگیتا حال ہی میں نیو ٹی وی کے ٹاک شو میں شریک ہوئیں جہاں انہوں نے کیریئر کے ساتھ اپنی نجی زندگی پر بھی گفتگو کی۔
پروگرام کے دوران سنگیتا نے اعتراف کیا کہ وہ تیز مزاج ہیں، جلد غصے میں آ جاتی ہیں اور کئی بار ساتھی اداکاروں کو ڈانٹ بھی چکی ہیں۔ انہوں نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ “میں بڑی بدمعاش رہی ہوں”، اور بتایا کہ زیادہ تر وہ ان اداکاروں پر برہم ہوتی تھیں جو شوٹنگ کے لیے دیر سے پہنچتے تھے۔ ان کے مطابق اگر وقت صبح 10 بجے کا ہو تو اداکار کو زیادہ سے زیادہ 11 بجے تک سیٹ پر موجود ہونا چاہیے۔
شادی سے متعلق سوال پر سنگیتا نے بتایا کہ ان کی پہلی شادی نہ تو پسند کی تھی اور نہ ہی والدین کی رضامندی سے۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ یہ شادی انہوں نے غصے میں کی تھی، جو غلط فیصلہ ثابت ہوا اور صرف تین سال میں ہی طلاق پر ختم ہوگئی۔
اداکارہ کے مطابق وہ اس وقت اپنی والدہ سے ناراض تھیں، اسی دوران سوات میں شوٹنگ کے موقع پر انہوں نے مداح اداکار ہمایوں قریشی سے شادی کرلی۔ جب والدہ کو معلوم ہوا تو وہ مزید ناراض ہو گئیں اور صاف کہہ دیا کہ اب گھر واپس آنے کی ضرورت نہیں۔ سنگیتا کے مطابق والدہ آخر وقت تک ان سے ناراض ہی رہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ہمایوں قریشی سے ان کی ایک بیٹی ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے خواتین کو مشورہ دیا کہ شادی ہمیشہ والدین کی رضامندی سے کرنی چاہیے کیونکہ والدین ساتھ ہوں تو زندگی آسان ہو جاتی ہے، لیکن اپنی پسند کی شادی ناکام ہو جائے تو والدین بھی سہارا نہیں دیتے۔
سنگیتا نے کہا کہ “کسی بھی لڑکی کو غصے میں کبھی بھی شادی کا فیصلہ نہیں کرنا چاہیے۔”
خیال رہے کہ پہلی شادی کی ناکامی کے بعد سنگیتا نے دوسری شادی بھی کی جس سے ان کی دو بیٹیاں ہیں، تاہم ان کی دوسری شادی بھی طلاق پر ختم ہوئی۔
مزیدپڑھیں:ذیابیطس کی پہلی علامت، جسے اکثر لوگ علامت ہی نہیں سمجھتے
