ممبئی (شوبز ڈیسک )بھارتی اداکار اور فلمی ناقد کمال راشد خان المعروف کے آر کے نے حال ہی میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان ہونے والے دفاعی معاہدے پر تبصرہ کرتے ہوئے اسے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی عقلمندی قرار دیا۔
کمال راشد خان نے ایکس پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ سعودی شہزادہ محمد بن سلمان نے ایک بار پھر ثابت کر دیا ہے کہ وہ نہایت ہی عقلمند حکمران ہیں۔ جب اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے قطر پر حملہ کیا اور ڈونلڈ ٹرمپ نے کوئی ردعمل نہیں دیا تو سعودی ولی عہد نے فوراً سمجھ لیا کہ وہ امریکا اور اسرائیل پر بالکل اعتماد نہیں کر سکتے۔
کمال راشد خان نے کہا کہ چونکہ اسرائیل ایک ایٹمی طاقت ہے اور کسی بھی وقت سعودی عرب پر حملہ کر سکتا ہے، اس لیے محمد بن سلمان نے خاموشی سے پاکستان کے ساتھ ایک معاہدہ کیا، جو خود ایک ایٹمی طاقت ہے، تاکہ سعودی عرب کو تحفظ فراہم کیا جا سکے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس دفاعی معاہدے کے بعد سعودی عرب ‘راتوں رات ایٹمی طاقت’ بن گیا ہے۔ اب یہ بات 100 فیصد یقینی ہے کہ نہ اسرائیل اور نہ ہی امریکا اب سعودی عرب پر حملہ کر سکتا ہے۔
Saudi Prince #MohammedBinSalman has proved again that he is a very very clever ruler. When @netanyahu attacked #Qatar and @realDonaldTrump didn’t say anything, then #Salman understood that he can’t trust America and @Israel. While Israel is a nuclear power, which can attack… pic.twitter.com/viq2PerCHd
— KRK (@kamaalrkhan) September 18, 2025
کمال راشد خان نے کہا کہ محمد بن سلمان نے نہ امریکا پر، نہ چین، روس یا حتیٰ کہ نیٹو کے رکن ترکیے پر بھروسہ نہیں کیا بلکہ انہوں نے پاکستان پر اعتماد کیا، جو نہ صرف ایٹمی ہتھیار رکھتا ہے بلکہ اس کے پاس اپنا تیار کردہ جدید JF-17 جنگی جہاز بھی ہے جو کسی بھی ملک پر بمباری کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
واضح رہے کہ بدھ کو سعودی ولی عہد محمد بن سلمان اور وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان اور سعودی عرب کے مابین ’اسٹریٹیجک باہمی دفاعی معاہدے‘ (SMDA) معاہدے پر دستخط کیے تھے۔
اس معاہدے کی شقوں کے تحت کسی بھی ملک پر بیرونی مسلح حملہ دونوں ممالک پر حملہ تصور ہوگا، معاہدے پر دستخط دونوں ممالک کے گہرے دوطرفہ تعلقات اور سکیورٹی تعاون کی توثیق کرتے ہیں۔
مزیدپڑھیں:گوگل کا نیا اے آئی ٹول ’نینو بنانا‘ اب واٹس ایپ پر بھی دستیاب
