Search
Close this search box.
اتوار ,21 جون ,2026ء

رئیلٹی شو ’’بگ باس‘‘ اچانک بند،سٹوڈیوبھی سیل کردیا گیا

ممبئی (شوبز ڈیسک )بھارتی ریاست کرناٹکا میں مشہور رئیلٹی شو ’’بگ باس کناڈا سیزن 12‘‘ کو ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزی کے باعث اچانک بند کردیا گیا ۔

کرناٹک سٹیٹ پولوشن کنٹرول بورڈ کی کارروائی کے بعد شو کے سٹوڈیو کو سیل کرکے تمام شرکاء کو فوری طور پر گھر خالی کرنے کا حکم دےدیا گیا۔

یہ کارروائی اس بنیاد پر کی گئی کہ سٹوڈیو ماحولیاتی قوانین کی کھلم کھلا خلاف ورزی کر رہا تھا اور ضروری اجازت نامے حاصل کیے بغیر کام کر رہا تھا۔
بورڈ نے فوری طور پر تمام سرگرمیاں بند کرنے اور بجلی کا کنکشن منقطع کرنے کے احکامات جاری کردیئے ہیں, اس فیصلے کے بعد تقریباً سات سو سے زیادہ افراد جن میں ٹیکنیکل ٹیم، لائٹنگ سٹاف، کیمرہ آپریٹرز اور دیگر عملہ شامل ہیں، سبھی کو اپنی ڈیوٹی چھوڑ کر گھر جانا پڑا۔
یہ بگ باس ہاؤس خاص طور پر اداکار کچا سدیپ کے وژن پر تیار کیا گیا تھا اور شاندار محل جیسا سیٹ تقریباً پانچ کروڑ روپے کی لاگت سے بنایا گیا تھا، شو کا آغاز چند ہفتے پہلے ہی بڑے شاندار انداز میں کیا گیا تھا۔

ریاستی وزیر ماحولیات و جنگلات نے اس کارروائی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ سٹوڈیو کو کئی مرتبہ نوٹس بھیجے گئے تھے مگر انتظامیہ نے کوئی توجہ نہیں دی،ہم نے واضح کیا تھا کہ ماحولیاتی اصولوں کی پابندی ضروری ہے، لیکن انہوں نے جان بوجھ کر نظرانداز کیا۔

معائنے کے دوران معلوم ہوا کہ جولی ووڈ سٹوڈیوز سے بغیر صاف کیے ہوئے گندے پانی کو باہر چھوڑا جا رہا تھا، اس کے علاوہ سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ بھی کام نہیں کر رہا تھا، کچرا صحیح طریقے سے الگ نہیں کیا جا رہا تھا، اور دو بڑے ڈیزل جنریٹر مسلسل چل رہے تھے، جس سے ماحول میں آلودگی پیدا ہو رہی تھی۔
بگ باس کناڈا سیزن 12 کی اچانک بندش نے نہ صرف شائقین کو مایوس کیا ہے بلکہ سوشل میڈیا پر بھی ایک بحث چھیڑ گئی ہے، منتظمین کو مشورہ دیا گیا ہے کہ اگر وہ چاہیں تو عدالت سے رجوع کرسکتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں