ممبئی: مزمل ابراہیم دپیکا پڈوکون سے متعلق سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والے اپنے پرانے بیان پر وضاحت دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے انٹرویو کے چند حصوں کو اصل تناظر سے ہٹا کر پیش کیا گیا، جس کے باعث غلط تاثر پیدا ہوا۔
بھارتی اداکار مزمل ابراہیم کا 2025 میں ریکارڈ کیا گیا ایک انٹرویو حالیہ دنوں میں دوبارہ سوشل میڈیا پر وائرل ہوا، جس میں انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ کیریئر کے ابتدائی دور میں دپیکا پڈوکون نے انہیں پروپوز کیا تھا، تاہم انہوں نے اس پیشکش کو قبول نہیں کیا۔
یہ کلپس دوبارہ سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا پر مختلف ردعمل دیکھنے میں آیا اور اداکار کو تنقید کا بھی سامنا کرنا پڑا۔
انسٹاگرام پر جاری اپنے وضاحتی بیان میں مزمل ابراہیم نے کہا کہ وائرل ہونے والے مختصر کلپس مکمل گفتگو کی نمائندگی نہیں کرتے۔ ان کے مطابق ایڈیٹنگ کے باعث ان کے الفاظ کا اصل مفہوم اور گفتگو کا احترام پر مبنی انداز نظر انداز کر دیا گیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ وہ ہمیشہ اپنی ماضی کی زندگی سے وابستہ افراد کے بارے میں عزت اور احترام کے ساتھ بات کرتے ہیں اور ان کے دل میں کسی کے لیے کوئی منفی جذبات نہیں۔
مزمل ابراہیم نے یہ بھی بتایا کہ تعلق ختم ہونے کے بعد بھی ان کی اور دپیکا پڈوکون کی کبھی کبھار بات چیت ہوتی رہی۔ دونوں ایک دوسرے کو پیشہ ورانہ کامیابیوں پر مبارکباد دیتے تھے، تاہم دپیکا کی شادی کے بعد ان کا رابطہ ختم ہو گیا۔
واضح رہے کہ دپیکا پڈوکون نے 2018 میں اداکار رنویر سنگھ سے شادی کی تھی۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق دونوں اس وقت اپنے دوسرے بچے کی آمد کے منتظر ہیں۔


