پاکستان کی معروف اداکارہ صبا قمر زمان نے اپنے خلاف مقدمے کی درخواست کے بعد انسٹاگرام اسٹوریز کے ذریعے جاری تنازع پر اپنا ردِعمل دیا ہے۔
پاکستان کی معروف اداکارہ صبا قمر زمان کے خلاف لاہور کی سیشن کورٹ میں مقدمہ درج کرنے کی درخواست دائر کر دی گئی ہے۔ درخواست میں الزام لگایا گیا ہے کہ اداکارہ نے سرکاری اجازت کے بغیر پولیس کی وردی پہنی اور ایس پی کے رینک کا بیج استعمال کیا۔
یہ تنازع ایک وائرل ویڈیو سے شروع ہوا جس میں صبا قمر کو ڈریسنگ روم میں پولیس افسر کی وردی پہنے دیکھا جا سکتا ہے، ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد بحث چھڑ گئی۔

اس دوران ایک میگزین کے ایڈیٹر ان چیف راحیل راؤ نے اداکارہ کا دفاع کرتے ہوئے طنزیہ پوسٹ کی، جس میں لکھا کہ “کیا آپ توقع کرتے ہیں کہ پولیس افسر کا کردار دلہن کے جوڑے یا لان کے سوٹ میں ادا کیا جائے؟ کردار تو رول کے مطابق لباس پہنتے ہیں، نہ کہ آپ کی احمقانہ سوچ کے مطابق۔”
صبا قمر نے اس پوسٹ کو ری شیئر کرتے ہوئے مزاحیہ انداز میں جواب دیا “اوہ خدایا! آج کل میں بہت زیادہ مشہور ہو گئی ہوں۔” انہوں نے اپنے پیغام کے ساتھ مسکراتی ہوئی ایموجیز بھی شامل کیں۔
درخواست شہری وسیم زوار کی طرف سے ان کے وکیل آفتاب باجوہ نے دائر کی ہے۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ قانون کے مطابق کوئی شخص سرکاری اجازت کے بغیر پولیس وردی یا رینک بیج استعمال نہیں کر سکتا۔ عدالت نے پرانی انارکلی پولیس سے رپورٹ طلب کر لی ہے اور سماعت جنوری تک ملتوی کر دی ہے۔
مزیدپڑھیں:طارق رحمان کی بنگلہ دیش واپسی پر بھارت خوش کیوں؟
