ممبئی: بھارتی وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان کے استعفے کے بعد بالی ووڈ اداکارہ سوناکشی سنہا نے نوجوان نسل (جین زی) کو منفرد انداز میں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے اپنی سابقہ رائے پر معذرت کا اظہار کیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق دارالحکومت نئی دہلی میں گزشتہ کئی روز سے طلبہ کی جانب سے مبینہ پیپر لیک کے خلاف احتجاج جاری تھا، جس میں وزیر تعلیم کے استعفے کا مطالبہ کیا جا رہا تھا۔ احتجاج کے بعد وزیر تعلیم نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا، جس پر مختلف حلقوں کی جانب سے ردعمل سامنے آیا۔
سوناکشی سنہا نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو شیئر کی، جس میں انہوں نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کان پکڑ کر اٹھک بیٹھک کی اور کہا کہ وہ جین زی کو پہلے کم سمجھتی تھیں۔
اداکارہ نے اپنے پیغام میں کہا کہ انہیں لگتا تھا کہ جین زی زیادہ دیر کسی معاملے پر ڈٹے نہیں رہتے، لیکن نوجوانوں نے اپنے عزم سے یہ تاثر غلط ثابت کر دیا۔
انہوں نے مزید کہا، “آپ لوگوں نے ناقابلِ یقین کام کیا ہے، میں جین زی کو سلام پیش کرتی ہوں، اب تو میرا بھی دل چاہتا ہے کہ میں جین زی کا حصہ بن جاؤں۔”
دوسری جانب احتجاج کرنے والی طلبہ تنظیم نے بھی واضح کیا ہے کہ وزیر تعلیم کے استعفے کے باوجود ان کے دیگر مطالبات برقرار ہیں، جن میں متاثرہ خاندانوں کے لیے مالی امداد، واقعے کی شفاف تحقیقات اور مظاہرین کے خلاف کارروائیاں روکنے جیسے مطالبات شامل ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق وزیر تعلیم کے استعفے کے بعد سوشل میڈیا پر بھی جین زی کی مہم اور سوناکشی سنہا کی ویڈیو کو خاصی توجہ حاصل ہو رہی ہے۔

