Search
Close this search box.
هفته ,25 جولائی ,2026ء

پاکستان اور امریکا کے تعلقات مزید مضبوط ہونے جا رہے ہیں، امریکی رکن کانگریس

اسلام آباد: امریکی ایوانِ نمائندگان کے دو ارکان ریان زنکے اور مائیکل بامگارٹنر پاکستان کے دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے، جہاں انہوں نے پاکستان کی ثقافت، تاریخ اور دوطرفہ تعلقات کے فروغ پر زور دیا۔

پاکستان ٹیلی وژن کو دیے گئے انٹرویو میں امریکی رکن کانگریس مائیکل بامگارٹنر نے کہا کہ پاکستان امریکا تعلقات مزید مضبوط ہونے جا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے درمیان عوامی روابط اور تجارتی تعاون میں اضافہ باہمی اعتماد اور بہتر ہوتے دوطرفہ تعلقات کی عکاسی کرتا ہے۔

دورہ پاکستان کے دوران امریکی وفد نے اسلام آباد میں واقع لوک ورثہ میوزیم کا بھی دورہ کیا، جہاں انہیں پاکستان کی تاریخ، ثقافت، زبانوں، علاقائی روایات اور نسلی تنوع کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ امریکی اراکین کانگریس نے پاکستانی ثقافتی ورثے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔

بعد ازاں وفد نے پاکستان مونومنٹ کا دورہ کیا، جہاں انہیں تحریک پاکستان اور ملکی تاریخ کے اہم مراحل سے آگاہ کیا گیا۔

مائیکل بامگارٹنر نے خلیجی بحران میں پاکستان کے تعمیری کردار کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کے نئے مواقع پیدا ہو رہے ہیں، جو مستقبل میں تعلقات کو مزید وسعت دیں گے۔

امریکی کانگریس کے دونوں ارکان اپنے دورہ پاکستان کے اگلے مرحلے میں لاہور جائیں گے، جہاں وہ تاریخی مقامات کا دورہ کرنے کے ساتھ اہم شخصیات سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں