Search
Close this search box.
هفته ,25 جولائی ,2026ء

آزاد کشمیر کے عوام مسائل کا حل چاہتے ہیں تو شیر پر مہر لگائیں، رانا ثنا اللہ

مظفرآباد: وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور سینیٹر رانا ثنا اللہ خان اور وفاقی وزیر امور کشمیر انجینئر امیر مقام نے آزاد کشمیر انتخابات کی انتخابی مہم کے دوران مختلف جلسوں سے خطاب کرتے ہوئے عوام سے مسلم لیگ (ن) کے حق میں ووٹ دینے کی اپیل کی۔

تھکیال فتح پور اور کھائی رٹہ میں منعقدہ بڑے عوامی اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ اگر آزاد کشمیر انتخابات میں عوام اپنے مسائل کا مستقل حل اور ترقی چاہتے ہیں تو شیر پر مہر لگائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) نے اپنے گزشتہ دور میں آزاد کشمیر کا بجٹ دوگنا کیا تھا اور آئندہ حکومت بننے پر ترقیاتی منصوبوں کے لیے مزید وسائل فراہم کیے جائیں گے۔

اس موقع پر مختلف مقامی برادریوں اور عمائدین نے مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اعلان بھی کیا۔ پارٹی قیادت نے نئے شامل ہونے والے افراد کو پارٹی پرچموں والے اسکارف پہنائے اور ان کا خیرمقدم کیا۔

وفاقی وزیر امور کشمیر انجینئر امیر مقام نے اپنے خطاب میں کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت عوامی خدمت اور ترقی کی علامت ہے۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت بنائیں، کیونکہ نواز شریف آپ کو ترقی اور خوشحالی کی ضمانت دیتے ہیں۔

دونوں رہنماؤں نے ایل اے 13 کھائی رٹہ اور ایل اے 9 تھکیال فتح پور کے انتخابی حلقوں کا بھی دورہ کیا، جہاں کارکنوں نے ریلیوں اور نعروں کے ذریعے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔

بعد ازاں رانا ثنا اللہ اور انجینئر امیر مقام مرحوم مسلم لیگی کارکن ملک عاشق پرویز کی رہائش گاہ بھی گئے، جہاں انہوں نے اہل خانہ سے تعزیت، فاتحہ خوانی اور ہمدردی کا اظہار کیا۔

رانا ثنا اللہ نے کہا کہ مرحوم ملک عاشق پرویز نے پارٹی کے لیے قابل قدر خدمات انجام دیں اور ان کی وفات مسلم لیگ (ن) کے لیے بڑا نقصان ہے، جبکہ انجینئر امیر مقام نے کہا کہ پارٹی کارکن ہی مسلم لیگ (ن) کی اصل طاقت اور سرمایہ ہیں۔

یہ بھی پڑھیں