ممبئی(شوبز ڈیسک)معروف اداکار جے بھانوشالی اور اداکارہ ماہی وج نے شادی کے 14 سال بعد باہمی رضامندی سے علیحدگی کا فیصلہ کر لیا ، دونوں فنکاروں نے طلاق سے متعلق گردش کرنے والی افواہوں پر خاموشی توڑتے ہوئے اس فیصلے کی باضابطہ تصدیق کر دی ہے۔
جے بھانوشالی نے انسٹاگرام اسٹوری کے ذریعے جاری بیان میں بتایا کہ انہوں نے اور ماہی وج نے باہمی رضا مندی سے علیحدگی کا فیصلہ کیا ہے۔ مشترکہ بیان میں فنکار جوڑے نے کہا کہ وہ زندگی کے اس مرحلے پر الگ راستے اختیار کر رہے ہیں، تاہم اس کے باوجود ایک دوسرے کے لیے احترام اور تعاون برقرار رہے گا۔
بیان میں کہا گیا کہ اگرچہ ان کے راستے جدا ہو رہے ہیں، لیکن وہ ایک دوسرے کے ساتھ تعاون اور اپنے بچوں کی پرورش میں مل کر کردار ادا کرتے رہیں گے۔
واضح رہے کہ جے بھانوشالی اور ماہی وج کی شادی 2011 میں ہوئی تھی اور دونوں نے 14 سال ایک ساتھ گزارنے کے بعد علیحدگی کا فیصلہ کیا ہے۔ جوڑے کے تین بچے ہیں، جن میں 2017 میں گود لیے گئے دو بچے خوشی اور راج ویر شامل ہیں، جبکہ ان کی بیٹی تارا 2019 میں پیدا ہوئی۔
یاد رہے کہ دونوں کی علیحدگی سے متعلق افواہیں گزشتہ کئی ماہ سے سوشل میڈیا پر گردش کر رہی تھیں، تاہم اس دوران جوڑا اکثر اپنے بچوں کے ساتھ تصاویر اور ویڈیوز بھی شیئر کرتا رہا، جس کے باعث مداح الجھن کا شکار تھے۔
مزیدپڑھیں:گوادر؛ دہشت گردوں کی فائرنگ سے پولیس اہلکار شہید
