لاہور میں ٹک ٹاکر بلال مارتھ گرفتار ہونے کی خبر سوشل میڈیا پر توجہ کا مرکز بن گئی۔ پولیس کے مطابق معروف ٹک ٹاکر بلال مارتھ کو سات ساتھیوں سمیت اس وقت حراست میں لیا گیا جب وہ ایک شادی کی تقریب میں مبینہ طور پر اسلحے کی نمائش کر رہے تھے۔
تفصیلات کے مطابق کاؤنٹر کرائم ڈیپارٹمنٹ (سی سی ڈی) نے خفیہ اطلاع پر شہر کے ایک شادی ہال میں کارروائی کی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان تقریب میں کلاشنکوف نما رائفلوں اور پستولوں کے ساتھ موجود تھے اور عوامی مقام پر اسلحہ لہرا رہے تھے۔
حکام کے مطابق کارروائی کے دوران گرفتار افراد سے اسلحہ برآمد کیا گیا، تاہم وہ موقع پر اسلحے کے لائسنس یا دیگر قانونی دستاویزات پیش نہ کرسکے۔ پولیس نے بتایا کہ برآمد ہونے والا اسلحہ لوڈ تھا، جس کے باعث کسی بھی وقت ناخوشگوار واقعہ پیش آنے کا خدشہ موجود تھا۔
سی سی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ ٹک ٹاکر بلال مارتھ گرفتار ہونے کے بعد ان کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کردیا گیا ہے جبکہ شادی ہال کے مالک کے خلاف بھی مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق تقریب میں اسلحے کی موجودگی اور نمائش کو روکنے کے لیے مؤثر نگرانی نہیں کی گئی تھی۔
تحقیقاتی ادارے اب اس بات کا بھی جائزہ لے رہے ہیں کہ گرفتار افراد کو اسلحہ کس نے فراہم کیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس معاملے میں ملوث تمام افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔
پولیس نے واضح کیا ہے کہ عوامی مقامات پر اسلحے کی نمائش کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور ایسے عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔


