لاہور(نیوزڈیسک)قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر شاہین آفریدی پر کوچز سے مبینہ طور پر برے رویےکے الزام کے حوالے سے تفصیلات سامنے آگئیں۔
نجی ٹی وی نے ذرائع کے حوالے سے بتایاکہ شاہین آفریدی کی دورہ انگلینڈ میں بیٹنگ کوچ محمد یوسف سے تلخی ہوئی تھی۔
ذرائع کا کہنا تھاکہ ہیڈنگلے میں شاہین کی بولنگ پریکٹس کے دوران محمد یوسف ان کی نو بالز کی نشاندہی کر رہے تھے، بار بار نشاندہی پر شاہین نےکہا کہ مجھے ابھی پریکٹس کرنے دیں، بیچ میں نہ بولیں، اس معاملے پر دونوں کے درمیان بحث شدت اختیار کر گئی تھی۔
تلخی کے واقع پر ٹیم منیجمنٹ نے شاہین آفریدی کی سرزنش کی تھی۔
ذرائع کا یہ بھی کہنا ہےکہ شاہین نے ٹیم کے سامنے اپنے رویے پر محمد یوسف سے معافی مانگ لی تھی۔ معافی کے بعد ٹیم منیجمنٹ نے معاملے کو رفع دفع کردیا تھا۔


