لاہور(نیوزڈیسک) کرکٹر شاہین شاہ آفریدی اور سابق کرکٹر اور قومی کرکٹ ٹیم کے کوچ محمد یوسف کے درمیان ہیڈ نگلے میں نیٹ پریکٹس کے دوران جھگڑے کا انکشاف ہوا ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ ورلڈ کپ سے قبل ہیڈ نگلے میں نیٹ پریکٹس کے دوران پیش آیا جس پر چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کو شاہین شاہ آفریدی کے کوچز کے ساتھ رویے کی شکایات موصول ہوئی تھیں۔
شاہین شاہ آفریدی نے کوچ محمد یوسف کے ساتھ سخت رویئے کا مظاہرہ کیا تھا، جو اس بات کی طرف اشارہ کر رہے تھے کہ آفریدی بار بار نو بال کر رہے تھے۔ آفریدی نے اس مداخلت پر ناراضگی کا اظہار کیا اور یہ اختلاف دونوں کے درمیان جھگڑے میں بدل گیا۔
ٹیم انتظامیہ نے آفریدی کو نصیحت کی جس سے انہیں اپنی غلطی کا احساس ہوا، ٹیم کے سامنے شاہین شاہ آفریدی نے کرکٹ کوچ محمدیوسف سے معافی مانگ کر معاملہ حل کر دیا تھا۔ٹیم مینجمنٹ نے اس واقعہ کو لمحہ کی گرمی مسئلہ قرار دیا۔کوچز نے اپنی رپورٹ میں ورلڈ کپ کے دوران آفریدی کے رویے کی شکایت بھی کی۔
شاہین شاہد آفریدی اور دیگر 2-3 کھلاڑیوں کے خلاف سخت ایکشن لینے پر بھی مشاورت کی گئی۔بنگلہ دیش کے خلاف ہوم سیریز میں ڈومیسٹک پرفارمرز کو مزید مواقع دینے کا معاہدہ ہوا۔ دونوں ٹیسٹ میچوں کی تیاری کے لیے تربیتی کیمپ راولپنڈی میں لگانے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔
سلیکشن کمیٹی کے ارکان 40 سے زائد کھلاڑیوں کا پول بنانے پر غور کر رہے ہیں اور ان کھلاڑیوں کو ترجیح دی جائے گی جن کی کارکردگی کے ساتھ فٹنس بھی ہو جو بین الاقوامی معیار پر پورا اترتی ہو۔کوچز نے اپنی رپورٹ میں خصوصی طور پر بتایا ہے کہ پاکستان کے کھلاڑیوں کی فٹنس بین الاقوامی معیار کے مطابق نہیں ہے۔ فٹنس کی اس سطح کے بغیر وہ بہتر نتائج حاصل نہیں کر سکیں گے۔


