Search
Close this search box.
هفته ,04 جولائی ,2026ء

شاہین آفریدی اور شان مسعود کی لڑائی، بھارتی پروپیگنڈے کی حقیقت کیا؟

راولپنڈی(ویب ڈیسک) بنگلہ دیش اور پاکستان کے درمیان کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میں میزبان ٹیم کو 10 وکٹوں سے عبرتناک شکست ہونے کے بعد سوشل میڈیا پر فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی اور ٹیسٹ کپتان شان مسعود کے جھگڑے کی افواہیں گردش کرنے لگیں۔

جیسے ہی پاکستانی ٹیم کو ملک میں ہونے والے مسلسل نویں میچ میں بھی شکست کا سامنا ہوا کیمپ میں دراڑ کے بارے میں مختلف افواہیں وائرل ہوگئیں۔

یہاں تک کے شان مسعود کا ایک اینی میٹڈ کلپ بھی سامنے آیاجس میں انہیں ہیڈ کوچ جیسن گلیسپی کے ساتھ فرسٹیشن میں بات کرتے دکھایا گیا۔

اس کے ساتھ ساتھ ڈریسنگ روم میں شان مسعود اور شاہین شاہ آفریدی کے درمیان نہ صرف زبانی بلکہ باقاعدہ ہاتھا پائی کی بھی افواہیں گردش کررہی تھیں۔

ان افواہوں میں یہ دعویٰ بھی کیا گیا کہ محمد رضوان نے دونوں کے درمیان صلح صفائی کرانے کی کوشش کی تو ان دونوں نے رضوان کو بھی مارنا شروع کردیا۔

بھارتی میڈیا نے ایک فیک نیوز پر پروپیگنڈا شروع کردیا۔اسکرین گریب/گوگل

ان افواہوں کو خاص طور پر بھارتی سوشل میڈیا اکاؤنٹس سے زیادہ شیئر کیا گیا بلکہ کئی بھارتی میڈیا آؤٹ لیٹس نے تو اسے خبر مان کر شائع بھی کردیا۔

تاہم ان حیرت انگیز افواہوں کا ذریعہ کوئی مصدقہ سورس نہیں بلکہ ایک پیروڈی اکاؤنٹ پایا گیا جسے بھارتی میڈیا نے سچ سمجھ کر پاکستانی کھلاڑیوں کے حوالے سے پروپیگنڈا کیا۔

اسکرین گریب/ایکس

مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ایکس پر مفضل ووہرہ نامی اکاؤنٹ کرکٹ کے حوالے سے تبصرہ کرنے کے لیے مشہور ہے جس کے پیروڈی اکاؤنٹ سے کرکٹرز کے درمیان ہاتھا پائی کی پوسٹ کی گئی۔

ایک اور وائرل ویڈیو جو ٹیم میں ممکنہ اختلافات ظاہر کرتی ہے وہ یہ کہ شاہین آفریدی بنگلہ دیش کی پہلی اننگز کے آغاز سے قبل اپنے کپتان کا ہاتھ اپنے کندھے سے ہٹا رہے ہیں۔

تاہم یہ بھی ایک من گھڑت بات نظر آئی کیوں کہ پاکستان کے ٹیسٹ کی پہلی اننگز ڈیکلیئر کرنے سے کچھ دیر قبل بیٹنگ کرتے ہوئے شاہین کو کندھے پر چوٹ لگ گئی تھی۔

ٹی وی پر نشر ہونے والی مکمل فوٹیج کو دیکھا جائے تو اندازہ ہوتا ہے کہ فاسٹ بولر نے بظاہر تکلیف کے باعث شان مسعود کا ہاتھ اپنے کندھے سے ہٹایا تھا۔
مزیدپڑھیں :ارسلان نصیر نے پاکستانی فنکاروں کو ’لالچی’ کہہ دیا

یہ بھی پڑھیں