میڈرڈ(سپورٹس ڈیسک)اسپین کے نامور ٹینس اسٹار اور کلے کورٹ کے بادشاہ رافیل نڈال نے ٹینس سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے۔ 38 سالہ نڈال، جو کہ انٹرنیشنل ٹینس کی دنیا میں “رافا” کے نام سے مشہور ہیں، نومبر میں ہونے والے ڈیوس کپ کے بعد پروفیشنل ٹینس کو الوداع کہہ دیں گے۔ نڈال نے سوشل میڈیا پر اپنے ویڈیو پیغام میں اس فیصلے کی تصدیق کی اور کہا کہ وہ اپنے مداحوں کو اطلاع دینا چاہتے ہیں کہ اب وہ مزید پروفیشنل ٹینس نہیں کھیل سکیں گے۔
نڈال نے اعتراف کیا کہ گزشتہ کچھ سال ان کے لیے بہت مشکل رہے، خاص طور پر آخری دو سال، اور وہ نہیں سمجھتے کہ اب وہ اپنے پرانے معیار کے مطابق ٹینس کھیلنے کے قابل ہیں۔
نومبر میں مالاگا میں ہونے والے ڈیوس کپ میں اسپین کی نمائندگی کرتے ہوئے نڈال اپنا آخری میچ کھیلیں گے۔ نڈال نے اپنے شاندار کیریئر کا آغاز 2001 میں 15 سال کی عمر میں کیا تھا، اور اس دوران انہوں نے 22 گرینڈ سلیم ٹائٹلز جیتے، جن میں 14 فرنچ اوپن، 4 یو ایس اوپن، 2 آسٹریلین اوپن، اور 2 ومبلڈن شامل ہیں۔
نڈال بائیں ہاتھ سے کھیلنے والے کھلاڑی ہیں اور کلے کورٹ کے کنگ کے طور پر جانے جاتے ہیں۔ انہوں نے 38 اے ٹی پی ماسٹرز ٹائٹلز، 2008 میں اولمپک گولڈ میڈل، اور چار مرتبہ ڈیوس کپ جیتا۔ نڈال نے 209 ہفتے تک دنیا کے نمبر ون کھلاڑی کی پوزیشن پر بھی قبضہ جمائے رکھا۔
مزیدپڑھیں :حکومت نے 8 شہروں پر فوری طور پر دفعہ 144 نافذکر دی



