لاہور(سپورٹس ڈیسک)انگلینڈ کے خلاف ملتان ٹیسٹ میں ہوم گراؤنڈ پر عبرتناک شکست کے بعد سابق کرکٹر احمد شہزاد نے قومی کرکٹ ٹیم کو بالی ووڈ کی معروف فلم ‘لگان’ دیکھنے کا مشورہ دیدیا۔
سماجی رابطے کی سائٹ فیس بُک پر ویڈیو شیئر کرتے ہوئے احمد شہزاد نے قومی کرکٹر کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ انگلینڈ کے خلاف ملتان ٹیسٹ میں بیٹنگ ٹریک بناکر پاکستان نے شکست خوردہ ہونے کا ثبوت دیا۔
انہوں نے پاکستانی ٹیم کو مشورہ دیا کہ قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی موٹیویشن کیلئے ‘لگان’ فلم دیکھیں کے کس طرح اس فلم میں کھلاڑیوں نے پرفارمنسز دی تھیں، کیونکہ انہیں لگان اپنی جیب سے ادا کرنا تھا، لیکن آپکا لگان تو آپکی جیبوں سے جانا نہیں ہے بلکہ پاکستانی کرکٹ بورڈ نے ہی دینا ہے، پی سی بی چوتھا امیر ترین کرکٹ بورڈ ہے، اس لیے آپ لوگ مزے میں ہیں، ملک کی عزت کا کوئی خیال ہی نہیں ہے۔
احمد شہزاد نے کہا کہ ‘لگان’ فلم کے کردار ‘کچرا’ سے ہی کچھ سیکھ لیں، کوئی کچرا جیسا بولر ہی لے آئیں جس نے انگلینڈ کے کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تھا یا وہ بھی نہیں مل رہا؟ کیونکہ ہمارے اسپنرز کو تو چائے پانی سے ہی فرصت نہیں ہے، تو پھر کچرے سے ہی تھوڑی موٹیویشن لے لیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی ٹیم کچھ خدا کا خوف کرے، ہوم گراؤنڈ پر جو ٹیم آرہی ہے مندر کے گھنٹے کی طرح بجا کر جارہی ہے اور ہم دیکھ رہے ہیں، بنگلادیش کیخلاف پہلی بار تاریخی شکست کھائی، اس کے بعد انگلینڈ کیخلاف گھٹیا اور بری پرفارمنس کا مظاہرہ کررہے ہیں، کوئی شرم و حیا نہیں ہے۔
احمد شہزاد نے کہا کہ اب آپ ایکسپوز ہوچکے ہیں، ٹیم میں تبدیلیاں ناگزیر ہوچکی ہیں کیونکہ سوشل میڈیا کی ذریعے قوم کو مزید بیوقوف نہیں بناسکتے، سلیکٹرز اور چیئرمین کو چاہیے کہ نوجوان پلئیرز کو موقع دیں۔
انہوں نے تجویز دی کہ اب ٹیم میں کامران غلام، محمد علی، صاحبزادہ فرحان، طیب طاہر اور حسیب اللہ جیسے پلیئرز کو موقع دینا چاہیے، سینئر پلیئرز اور اسٹار پلیئرز کو بہت آزما کر دیکھ لیا۔
واضح رہے کہ ٹیسٹ کرکٹ میں مسلسل ناقص کارکردگی کے بعد ریڈ بال ٹیم کے کپتان شان مسعود سمیت پوری ٹیم شدید تنقید کی زد میں ہے۔
ملتان ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ کے ہاتھوں شکست کا مزہ چھکنے والی ٹیم کپتان شان مسعود کی زیرقیادت ایک بھی ٹیسٹ میچ میں فتح حاصل نہیں کر سکی ہے۔
قومی ٹیم کو آسٹریلیا نے 3، کمزور حریف بنگلادیش نے ہوم گراؤنڈ پر 3 اور اب انگلینڈ نے ابتدائی ٹیسٹ میں شکست دیدی ہے جسکے بعد شان مسعود ناکام ترین کپتان بن چکے ہیں۔
وہ پاکستان کے واحد کپتان ہیں جن کی زیرقیادت تمام ابتدائی 6 میچز میں ہی قومی ٹیم کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
مزیدپڑھیں :معروف سعودی فوڈ چین ‘البیک’ پاکستان میں انٹری کیلئے تیار



