میامی: لیونل میسی عالمی ریکارڈ قائم کرتے ہوئے فیفا ورلڈ کپ کی تاریخ میں ایک اور ناقابلِ فراموش سنگ میل عبور کر گئے۔ ارجنٹینا کے اسٹار فٹبالر نے اردن کے خلاف میچ میں گول کر کے مسلسل سات ورلڈ کپ میچز میں اسکور کرنے والے دنیا کے پہلے کھلاڑی ہونے کا اعزاز اپنے نام کر لیا۔
میچ کے 80ویں منٹ میں لیونل میسی نے ایک خوبصورت فری کک کے ذریعے گیند کو جال میں پہنچایا، جس کے بعد ارجنٹینا نے مقابلے میں اپنی برتری 3-1 کر دی۔ اس گول کے ساتھ میسی نے فرانس کے جسٹ فونٹین اور برازیل کے جائرزینہو کا مسلسل چھ ورلڈ کپ میچز میں گول کرنے کا تاریخی ریکارڈ بھی توڑ دیا۔
میسی کے مسلسل گول کرنے کا یہ سفر قطر ورلڈ کپ 2022 میں آسٹریلیا کے خلاف پری کوارٹر فائنل سے شروع ہوا تھا۔ اس کے بعد انہوں نے نیدرلینڈز، کروشیا اور فرانس کے خلاف بھی گول کیے اور ارجنٹینا کو عالمی چیمپئن بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔
فیفا ورلڈ کپ 2026 میں بھی ارجنٹائن کے کپتان شاندار فارم میں دکھائی دے رہے ہیں۔ وہ الجزائر کے خلاف ہیٹ ٹرک کر چکے ہیں جبکہ آسٹریا کے خلاف دو گول اسکور کیے تھے۔ اب اردن کے خلاف گول کے بعد لیونل میسی عالمی ریکارڈ مزید مضبوط ہو گیا ہے اور ان کے ورلڈ کپ کیریئر میں مجموعی گولز کی تعداد 19 ہو چکی ہے۔
فٹبال ماہرین کا کہنا ہے کہ میسی کی یہ کامیابی ان کی غیر معمولی مستقل مزاجی، مہارت اور بڑے مقابلوں میں بہترین کارکردگی کا واضح ثبوت ہے۔ دنیا بھر کے شائقین فٹبال نے بھی اس نئے عالمی ریکارڈ پر ارجنٹائنی کپتان کو بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔

